متحدہ عرب امارات:وزن میں کمی کے لیے ذیابیطس کے انجکشن کی مانگ میں زبردست اضافہ الامارات

175

متحدہ عرب امارات میں مکینوں کی ایک بڑی تعداد ملک بھر میں ہیلتھ کلینکس، دواخانوں اور اسپتالوں کا رُخ کررہی ہے لیکن کس لیے؟کیا وہاں کوئی وہاں کوئی نئی وبا پھوٹ پڑی ہے؟نہیں،بلکہ یہ سب لوگ وزن میں کمی کے لیے ذیابیطس کے مرض کے علاج کے لیے مخصوص سیکسینڈا اور اوزمپک کے ٹیکے لگوانا چاہتے ہیں اور وہی خرید کرنے کے لیے دواخانوں کا رُخ کررہے ہیں۔

دبئی میں ڈاکٹروں نے العربیہ کوبتایا کہ ٹک ٹاک پر ویڈیوزاورانسٹاگرام پراشتہارات میں اس دوا کو ضدی چربی کے معجزاتی علاج کے طور پر پیش کیا جارہا ہے جس کے بعداس میں لوگوں کی دلچسپی عروج پر پہنچ گئی ہے جبکہ رہائشیوں کوخبردارکیا گیا ہے کہ وہ صرف اس دوا کولینے کے لیے فارمیسی میں نہیں جا سکتے ہیں۔

العربیہ نے گذشتہ ہفتے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ کس طرح ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر وزن کم کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی دوائیں – عام طور پر ذیابیطس کا علاج کرنے والے انجکشن – لوگوں کے خیال سے کہیں زیادہ خطرناک ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ رجحان نے ایسی ادویہ کی عالمی قلّت کو مزید ابترکردیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں این ایم سی رائل ہاسپٹل، ڈی آئی پی، دبئی کے ماہر اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر اشون پنکج کشن نے بتایاکہ اس دوا کے لیے "دلچسپی میں کافی اضافہ” ہوا ہے۔انھوں نے بتایا کہ ’’حال ہی میں، یواے ای سمیت دنیا بھر میں سیماگلوٹائڈ (اوزمپک) کے استعمال میں کافی اضافہ ہوا ہے، کیونکہ ٹک ٹاک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پراثرورسوخ رکھنے والے اوزمپک کی وزن کم کرنے کی دوا کے طور پرتشہیرکررہے ہیں اوراس کو مقبول بنا رہے ہیں‘‘۔