وارانسی میں کورونا وباء کے حالات کا جائزہ

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی میں کورونا کی وبا سے پیدا حالات کا جائزہ لیا اور کورونا سے بچاؤ کے احتیاطی اقدامات اور 45 سال سے زیادہ عمر والے افراد کی ٹیکہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے اتوار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے میٹنگ میں حصہ لیا اور کورونا سے بچاؤ اور کورونا مریضوں کے مکمل علاج کیلئے ٹیسٹنگ، بیڈ، دوائیاں، ویکسین اور طبی عملہ کی ضرورت وغیرہ سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے عوام کو ہر ممکن مدد فوری طور پر مہیا کرانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بات چیت کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر خاص طور پر زور دیا کہ ’دو گز کی دوری، ماسک ہے ضروری‘ پر عمل سبھی لوگوں کے ذریعہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے ویکسینیشن مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ 45 سال سے زیادہ عمر کے سبھی لوگوں کو اس سلسلے میں بیدار کریں۔ انہوں نے انتظامیہ کو بھی پوری حساسیت کے ساتھ وارانسی کے لوگوں کی ہر ممکن حد تک مدد کرنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی۔پی ایم مودی نے ملک کے سبھی ڈاکٹروں، سبھی میڈیکل اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بحران کی گھڑی میں بھی وہ اپنے فرض کو پوری ایمانداری سے ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پچھلے سال کے تجربوں سے سبق سیکھتے ہوئے محتاط رہ کر آگے بڑھنا ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں