لیبیا میں سیلاب میں جاں بحق ہونے والے مصر کے ایک ہی گاؤں کے74 شہری سپرد خاک

آج بدھ کی صبح جنوبی مصر کے بینی سویف گورنری کے ببا شہر کے الشریف گاؤں کے لوگوں نے لیبیا میں سیلاب میں ہلاک ہونے والے 74 افراد کو سپرد خاک کیا۔ایمبولینسوں نے لاشوں کو گاؤں کے قبرستان پہنچایا، جہاں لوگوں نے نماز جنازہ ادا کی اور پھر انہیں ان کی آخری آرام گاہ تک پہنچایا۔بنی سویف کے گورنر ڈاکٹر محمد ہانی غنیم نے متاثرین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، بچوں اور خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

منگل کی صبح بنی سویف کے ببا گاؤں کے باشندوں کو اطلاع ملی کہ اس گاؤں کے 74 افراد لیبیا میں طوفانی سیلاب کی زد میں آ کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔لیبیا کی کوسٹ سکیورٹی کے انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز آفس کے ڈائریکٹر مروان الشاعری نے بتایا کہ طبرق میڈیکل سینٹر میں 80 مصریوں کی لاشوں کی شناخت کی گئی ہے جب کہ سیلاب میں 145 مصریوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ لاشیں مصر پہنچائی گئیں، ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بنی سویف کے گاؤں الشریف سے ہے۔اس سے قبل گاؤں کے ایک رہائشی نے تصدیق کی تھی کہ گاؤں کے تقریباً 3,000 افراد لیبیا میں کئی سالوں سے مختلف پیشوں میں کام کر رہے ہیں۔

یہ سب آپس میں رشتہ دار اور کزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین میں ایک ہی خاندان کے 3 بھائیوں سمیت 7 افراد شامل ہیں۔