ممبئی:مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کی رفتار لگاتار تیز ہوتی جا رہی ہے۔ حالات اس قدر فکر انگیز ہو گئے ہیں کہ کئی شہروں میں لاک ڈاؤن جیسے اقدامات اٹھانے پڑ گئے ہیں۔ بے قابو کووڈ-19 کی وجہ سے ہی ریاستی حکومت نے 28 مارچ سے نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس درمیان مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا ایک بڑا بیان منظر عام پر آیا ہے۔

انھوں نے ریاستی عوام کو مکمل لاک ڈاؤن کی تنبیہ دے ڈالی ہے۔ انھوں نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر لوگوں نے کورونا پروٹوکول پر عمل نہیں کیا تو 2 اپریل سے لاک ڈاؤن جیسا سخت فیصلہ حکومت کو لینا پڑا سکتا ہے۔ لہٰذا لوگ سنبھل جائیں اور احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔

اجیت پوار نے عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی پارٹیوں سے بھی گزارش کی ہے کہ اپنے سبھی عوامی پروگرام آنے والے کچھ دنوں کے لیے منسوخ کر دیں۔ پونے میں 31 اپریل تک اسکول بند کرنے کا فیصلہ بھی صادر کر دیا گیا ہے۔ اجیت پوار کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ اسپتالوں کے 50 فیصد بستر کورونا کے بڑھتے قہر کے سبب حکومت اپنے پاس لے لے گی۔