لوڈو کی عادی عورت نے خود کو ہارنے کے بعد مکاندار کے ساتھ رہنا شروع کردیا

1,056

نئی دہلی: اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع میں ایک خاتون، جو مبینہ طور پر لوڈو کے کھیل کی عادی تھی، اپنے مکاندار سے گیم ہارنے کے بعد اس کے ساتھ رہنے لگی ہے کیونکہ پیسہ ختم ہوجانے کے بعد اس نے خود کو داؤں پر لگادیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر خود کی شرط لگائی تھی کیونکہ وہ اپنے مکاندار کے ساتھ لوڈو کھیلتے کھیلتے اپنے پاس موجود تمام رقم ہار چکی تھی۔خاتون کے شوہر نے جو جئے پور میں کام کرتا ہے، اس واقعہ کی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

شکایت کے مطابق، وہ چھ مہینے پہلے کام کے لئے جئے پور چلا گیا تھا۔ اس کی بیوی نے جو لوڈو کھیلنے کی عادی تھی، مبینہ طور پر اس کی جانب سے گھر بھیجی گئی ساری رقم جوئے پر خرچ کردی۔حال ہی میں اس نے مکان مالک کے ساتھ لوڈو کھیلتے ہوئے خود کو داؤں پر لگا دیا کیونکہ وہ ساری رقم کھو چکی تھی۔شوہر نے بتایا کہ گیم ہارنے کے بعد وہ مکاندار کے ساتھ رہنے لگی ہے اور واپس بلانے پر آنے سے انکار کررہی ہے۔

شوہر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس نے اسے واپس لانے کی کوشش کی، لیکن وہ (بیوی) واپس آنے کو تیار نہیں ہے۔خاتون کا نام رینو بتایا جاتا ہے اور اسے دو بچے بھی ہیں۔ وہ دونوں بچوں کے ساتھ مکاندار کے ساتھ مقیم ہے اور واپس آنے سے انکار کررہی ہے، جبکہ مکاندار بھی اسے چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہے۔پولیس اہلکار سبودھ گوتم نے بتایا کہ وہ تمام معاملے کی احتیاط کے ساتھ جانچ کررہے ہیں۔