لاک ڈاﺅن نے مزدورکی جان لی’ پیدل  لوٹ رہے 45سالہ شخص کی موت

ڈہری آن سون 02 اپریل ( یواین آئی) وبائی مرض کورونا سے تحفظ کیلئے نافذ لاک ڈاﺅن میں اتر پردیش کے پریاگ راج سے پیدل چل کر ویشالی لوٹ رہے ایک مزدور کی بہار میں رہتاس ضلع کے ڈہری نگر تھانہ علاقہ میں جواہر سیتو کے نزدیک موت ہوگئی ۔
ڈہری کے سب ڈویژنل پولیس افسر سنجے کمار نے آج یہاں بتایا کہ بہار کے ویشالی ضلع کے بھگوان پور تھانہ علاقہ باشندہ ولاس مہتو (45) پریاگ راج میں ایک سڑک تعمیراتی کمپنی میں کام کرتا تھا۔

کورونا وائرس کے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاﺅن کے بعد کمپنی کے ٹھیکدار نے ولاس مہتو کو کام سے ہٹا دیا تھا۔ ولاس تین دنوںمیں کبھی ٹرک سے تو کبھی پیدل چل کر کل دیر شام ڈہری پہنچا تھا ۔ اس کے بعد اس کے پیٹ میں تیز درد ہونے لگا ۔جس سے اس کی موت ہوگئی ۔ متوفی کے بہنوئی مصری مہتو نے بتایا کہ ولاس مہتو کو اپینڈکس تھا۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ سہسرام صدر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاش اس کے گاﺅں آج بھیج دی گئی ہے ۔