Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

لاک ڈاون کی پرواہ کئے بغیر معشوقہ اپنے عاشق کے پاس 60 کلو میٹر پیدل سفر کرکے پہنچی

IMG_20190630_195052.JPG

کرشنا:ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور حالات سے نمٹنے کیلئے مرکز کی مودی حکومت نے 21 دنوں کا لاک ڈاون لگایا ہوا ہے ۔ اس کے تحت لوگوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی گئی ہے ، لیکن اس کے باوجود کچھ ایسے واقعات سامنے آرہے ہیں جو چونکانے والے ہیں ۔ ایسا ہی ایک واقعہ آندھرا پردیش میں سامنے آیا ہے ۔ یہاں ایک لڑکی لاک ڈاون کے دوران گھر سے پیدل ہی نکل پڑی ۔ اس کی منزل اس کے گاوں سے 60 کلو میٹر دور تھی ، جہاں اس کا بوائے فرینڈ تھا ۔ لڑکی نے اس سفر کو پیدل ہی طے کیا اور اس کے پاس پہنچ کر اس سے شادی کرلی ۔

آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع کے ہنومان جنکشن کی رہنے والی 19 سالہ چتیکلا بھوانی کا بوائے فرینڈ اس کے گاوں سے 60 کلو میٹر دور ایدپلی گاوں میں رہتا ہے ۔ اس کا نام سانئی پوننیا ہے ۔ بھوانی اور پوننیا چار سال سے ساتھ ہیں ۔ حال ہی میں دونوں نے اپنے رشتے کے بارے میں اپنے اپنے کنبہ کو بتایا تھا ، لیکن ان کے اہل خانہ ان دونوں کی شادی کیلئے تیار نہیں تھے ۔ بھوانی کے کنبہ نے شادی سے انکار کردیا تھا ، جس کے بعد دونوں نے بھاگ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا ۔

اس کے بعد بھوانی اور پوننیا کے منصوبہ کے مطابق دونوں بھاگنے کیلئے تیار تھے ، تبھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں مودی حکومت نے اکیس دنوں کا لاک ڈاون لاگو کردیا ۔ ایسے میں دونوں اپنے اپنے گھر میں ہی پھنس گئے ۔ لاک ڈاون کے کئی دن گزر جانے کے بعد جمعرات کو بھوانی نے گھر سے نکل کر اپنے بوائے فرینڈ پوننیا کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ۔ بھوانی نے پیدل ہی 60 کلو میٹر کی دوری طے کی اور پوننیا کے پاس پہنچ گئی ۔ دونوں نے شادی بھی کرلی ۔

بھوانی نے بتایا کہ ہم لوگوں نے لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد شادی کا فیصلہ کیا تھا ، لیکن موجودہ حالات میں ایسا ممکن نظر نہیں آرہا ہے ۔ حکومت شاید لاک ڈاون کی مدت میں توسیع کردے ، ہم زیادہ انتظار نہیں کرسکتے تھے ، اسی لئے میں پیدل ہی یہاں تک آگئی ۔ شادی کے بعد دونوں کی مصیبت بڑھ گئی ۔ دراصل بھوانی کے گھروالوں نے دونوں کو دھمکی دینی شروع کردی ہے ۔ ایسے میں دونوں نے پولیس کے پاس جاکر تحفظ کی فریاد کی ہے ۔ دونوں بالغ ہیں ، اس لئے پولیس نے بھی بھوانی کے کنبہ سے کاونسلنگ کرنے کیلئے کہا ہے ۔ پولیس کے مطابق بھوانی کے گھروالوں نے گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی ہے ۔