سولاپور ضلع مراٹھی پتر کار سنگھ کے صحافتی ایوارڈز کا اعلان : محمد مسلم کبیر، سلطان اختر کے علاوہ 12 صحافیوں کو اعزاز

19

لاتور ( نمائندہ) سولاپور ضلع مراٹھی پتر کار سنگھ کی جانب سے ہر سال 6/ جنوری کو مراٹھی کے اولین صحافی، درپن کے مدیر بال شاستری جامبھے کر کے یوم پیدائش کے موقع پر ” درپن دن” کے نام سے منائے جانے والے اس دن فعال اور معروف صحافیوں کو اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔ امسال سولاپور ضلع مراٹھی پتر کار سنگھ نے مراٹھی صحافیوں کے ساتھ اُردو اخبارات کے دو سو سالہ تکمیل ہونے کی خوشی میں اُردو صحافیوں کو بھی خصوصی اعزاز ” وارث اُردو” ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔

جس میں اُردو کے معروف صحافی محمد مسلم کبیر، سلطان اختر، اقبال باغبان،محمد ارشد صدیقی، چاند اکبر،محمد اظہر فاضل، مرزا عظمت اللہ بیگ، عبد الرحیم محی الدین، آصف جنیدی کو "وارث اُردو” ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مراٹھی صحافی پانڈو رنگ سنگا، کو رنگا انا وید میموریل ایوارڈ، صحافی سید شریف کو بابو راؤ متھپٹی ایوارڈ ارصحافی اویناش کلکرنی کو معروف صحافی مرحوم عبد الطیف نلا مندو ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔

اس پر وقار جلسے کے صدر سولاپور ضلع مراٹھی پتر کار سنگھ کے صدر اشوک متھپٹی اور مہمان خصوصی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ راجندر مانے جی، اور ضلع انفارمیشن آفیسر سمپرادا بیڑکر موجود رہینگے۔

سولاپور ضلع مراٹھی پتر کار سنگھ کے معتمد پی پی کلکرنی اور نائب معتمد ابو بکر نلا مندو نے 6/ جنوری 2023 کو صبح 11 بجے پترکار بھون ، بیجاپور روڈ سولاپور میں منعقدہ اس تقریب میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔