Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

قبلہ یہ کیا کہہ دیا آپ نے۔۔۔۔؟

IMG_20190630_195052.JPG

ایم ودود ساجد

نیوز 18 کے نمائندے خرم شہزاد کو قبلہ مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم العالیہ نے 20-22 منٹ کا ایک انٹرویو دیا ہے۔۔۔ اس انٹرویو کی ایک چھوٹی کلپ اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔۔۔ لوگ اپنے اپنے حساب سے اس پر تبصرے کر رہے ہیں ۔۔۔ آپ نے بھی یہ کلپ دیکھی ہوگی۔۔۔

اس چھوٹی سی کلپ میں مولانا نے جو فرمایا ہے اس سے سرِ مو "علمی اختلاف” کی گنجائش نہیں ۔۔۔۔

لیکن۔۔۔۔۔۔مولانا سے ایک سوال ہے۔۔۔
آپ کو اتنی شدت سے اور اتنے تلخ وگرم لہجہ میں یہ کہنے کی کیا ضرورت پیش آگئی تھی کہ "نہیں چاہئیں مجھے باہر کے مسلمان ۔۔۔۔۔”

آپ کی اس دلیل میں دم ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مسلمان آخر کیوں اپنے ملک چھوڑ کر یہاں آئیں گے؟

لیکن مولاناسوال یہ ہے کہ پھر ہندو ہی کیوں آئیں گے۔۔۔۔؟ کیا آپ نے بھی ہندوستان کو سیکولرملک نہ مان کر ہندوراشٹر گردان لیا ہے کہ پوری دنیا سے جو ہندو چاہے یہاں آکر بس جائے۔۔۔۔؟ اگر واقعی آپ کا موقف یہ ہے تو پھر اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے اسرائیل کے ناجائز وجود کو بھی تسلیم کرلیا ہے۔۔۔۔

مجھے یقین ہے کہ آپ کو یہ بات ضرور معلوم ہوگی کہ اسرائیل خود کو یہودی ملک کہتا ہے۔۔۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پوری دنیا سے جو یہودی وہاں آکر آباد ہونا چاہے ہوسکتا ہے۔۔۔۔کیا آپ کو نہیں معلوم کہ بعینہ یہی فلسفہ آر ایس ایس’ بی جے پی’ وزیراعظم اور وزیر داخلہ یہاں ہندوستان میں بھی نافذ کرنا چاہتے ہیں ۔۔۔؟

جب آپ لفظ ” مجھے” کہتے ہیں تو اس سے آپ ایک طرف جہاں خود کو تنہا کرلیتے ہیں وہیں باقی مسلمانوں کو "سیکولر افکار” سے الگ کردیتے ہیں ۔۔۔ آپ کے اس انداز سے "اچھی” بات بھی بہت بری بن جاتی ہے۔۔۔۔۔ ویسے مولانا ہماری سرحدیں اتنی کمزور نہیں ہیں کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے مسلمان یہاں در آئیں گے۔۔۔ آسام میں دیکھا آپ نے۔۔۔۔؟ این آر سی سے جو باہر ہوئے ہیں ان میں مسلمان کم اور ہندو زیادہ ہیں ۔۔۔ آپ کا دل ان غیر ملکی ہندؤوں کے لئے تو نرم ہے لیکن ان مسلمانوں کے لئے اتنا سخت کیوں ہے جنہیں پناہ دینے کے لئے نہ پاکستان تیار ہوگا اور نہ بنگلہ دیش۔۔۔؟

سوچتا ہوں کہ میں شاید اشِدّاءُ علی الکفار ۔۔۔ رُحماءُ بینھم ۔۔۔۔ کا مفہوم اچھی طرح سمجھ نہیں سکا۔۔۔

اور ہاں آسام کے ان 6 لاکھ مسلمانوں کو آپ کس ملک میں بھجوانے کا انتظام کرائیں گے جو این آر سی سے باہر رہ گئے ۔۔۔۔؟ مناسب تصور فرمائیں تو ضرور بتائیے گا۔۔۔۔ حکومت بھی پریشان ہے کہ آخر انہیں کہاں بھیجے۔۔۔