• 425
    Shares

فیروزآباد:02اگست(یواین آئی)ریاست میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے 6مہینے عین قبل فیروزآباد ضلع پریشد نے ضلع کا نام تبدیل کر کے چندرا نگر رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔پریشد نے نام تبدیل کئےجانے کی وجہ بتایا ہے کہ موجود نام مغل بادشاہ اکبر کے ذریعہ اپنے فوجی افسر فیروز شاہ کے اعزاز میں رکھا گیا تھا۔

ضلع کے نام کو تبدیل کرنے کی تجویز صدر سے بلاک پرمکھ لکشمی نارائن یادو نے پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیروزآباد کا قدیم نام چندوار نگر تھا اور اس طرح اب اسے تبدیل کر کے چندرا نگر کیا جانا چاہئے۔اس تجویز کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا اور اب اسے ریاستی حکومت کو بھیجا جائے گا تاکہ تبدیل شدہ نام کو آفیشیل گزٹ میں شائع کر کے اسی حتمی شکل دیا جاسکے۔

سماج وادی پارٹی لیڈر دلیپ تیاگی نے دعوی کیا ہے کہ یہ اتفاق رائے سے کیا گیا فیصلہ نہیں ہے۔بلکہ بی جے پی ممبر اس تجویز کو اس وقت لائے جبکہ اپوزیشن کا کوئی بھی ممبر وہاں موجود نہیں تھا۔ہمیں اس کی اطلاع اس وقت ہوئی جب اسے پاس کردیا گیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ تین پارٹیاں ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس نے اس تجویز پر سوال اٹھائے ہیں۔
کانگریس ضلع صدر سندیپ تیواری نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ حکمراں جماعت کے ممبران شہری سہولیات میں اضافہ کئے جانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔شہر کی سڑکوں پر گڑھے ہی گڑھے ہیں اور پانی و بجلی سپلائی کا برا حال ہے۔لیکن ان تمام مسائل پر توجہ دینے کے بجائے بی جے پی ضلع کا نام تبدیل کر کے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے کیونکہ اسمبلی انتخابات اک دم قریب ہیں۔
فیروزآباد کی آفیشیل ویب سائٹ پر ضلع انتظامیہ نے لکھا ہے کہ’ فیروزآباد کا پورانا نام چندوار نگر تھا۔اسے فیروزآباد کا نام مغل سلطنت کے زمانے میں فوجی افسر فیروزشاہ نے 1566 میں دیا تھا۔کہا جاتا ہے کہ راجہ تودر مل اس شہر سے گزر رہے تھے کہ انہیں ڈاکیو نے لوٹ لیا ان کی درخواست پر اکبر نے فیروزشاہ کو یہاں بھیجا تھا۔فیروزشاہ مقبرہ اور کٹرا پٹھانن کے کھنڈرات اس کے گواہ ہیں۔

اے ایم یو پروفیسر و معروف تاریخ داں عرفان حبیب نے دعوی کیا کہ فیروزآباد کا قدیم نام چندوار نگر تھا اسے ثابت کرنے کے لئے کوئی بھی تاریخی ثبوت نہیں ہے۔فیروزآباد کا نام فیروزشاہ تغلق کے زمانے میں آیا۔یہ دعوی کہ اکبر نے فیروزآباد نام رکھا تھا یہ بھی غلط ہے۔قابل ذکر ہے کہ یوگی حکومت اس سے پہلے الہ آباد کا نام تبدیل کر کے پریاگ راج،فیض آباد کا اجودھیا اور مغل سرائے کا دین دیال اپادھیائے نگر کرچکی ہے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔