فٹ بال عالمی کپ:ایکواڈورکی میزبان قطر کے خلاف افتتاحی میچ میں دوصفرسے جیت

فٹ بال عالمی کپ کے دوحہ کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں ایکواڈورکی ٹیم نے میزبان قطر کو دوگول سے شکست دے دی ہے اور قطر کی ٹیم کوئی گول نہیں کرسکی ہے۔

ایکواڈورکی طرف سے اینرویلنسیا نے کھیل کے پہلے ہاف میں دونوں گول کیے تھے اور پھر میچ کے اختتام تک اپنی یہ برتری برقرار رکھی۔اس میچ میں قطر کی ٹیم نے بہت سی غلطیاں کی ہیں جس کی وجہ وہ عالمی کپ کی پہلی میزبان ٹھہری ہے جو اپنا افتتاحی میچ ہی ہار گئی ہے۔

ویلنسیانے میچ کے تیسرے منٹ میں ایک شاندار کوشش کی تھی لیکن انھیں آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔انھوں نے 16 ویں منٹ میں پینلٹی کک سے ٹورنامنٹ کا افتتاحی گول کیا تھا اور قطری گول کیپر سعدالشیب اس کو بچانے میں ناکام رہے تھے۔

انھوں نے کھیل کے31 ویں منٹ میں دوسرا گول کردیا تھا۔اس کے بعد جنوبی امریکیوں نے میچ کے اختتام تک قطری ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا اور اس کو گول اتارنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔پورے میچ میں قطری کھلاڑی المعزعلی نے صرف ایک شاندارکوشش کی تھی اور باقی تمام وقت اس نے دفاعی کھیل ہی پیش کیا ہے۔

اسی گروپ اے میں شامل باقی دوٹیمیں سینی گال اور نیدرلینڈز پیر کو مدمقابل ہوں گی۔اس کے علاوہ آج دو اور میچ کھیلے جائیں گے۔