فوج نے ہنگامی صورتحال اور فوج کی تعیناتی کی خبروں کی تردید کی
نئی دہلی، 30 مارچ (یو این آئی) فوج نے سوشل میڈیا میں گشت کررہے ان پیغامات کو غلط اور فرضی بتایا ہے جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ملک میں اپریل کے وسط میں ایمرجنسی نافذ کرکے فوج، سابق فوجیوں اور این سی سی کیڈٹوں کو شہری انتظامیہ کی مدد کےلئے تعینات کیا جائے گا۔
فوج نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’سوشل میڈیا میں فرضی اور غلط پیغام پھیلائے جارہے ہیں کہ اپریل کے وسط میں ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے فوج، سابق فوجیوں اور این سی سی کیڈٹوں کو شہری انتظامیہ کی مدد کے لئے تعینات کیا جائے گا۔ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ اس بات میں کوئی سچائی نہیں ہے اور یہ مکمل طور پر فرضی ہے‘‘واضح رہے کہ اس سے قبل آج صبح حکومت نے اس افواہ کو بھی غلط بتایا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب ملک میں نافذ 21 دنوں کے مکمل لاک ڈاؤن میں اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ابھی لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔