فلسطینی وزیر کا اسرائیل پر غزہ پٹی میں کورونا ویکسین کو روکنے کا الزام

غزہ پٹی : فلسطین کی خاتون وزیر صحت مئی الکیلہ کا کہنا ہیکہ اسرائیل نے کورونا وائرس کیخلاف استعمال ہونے والی ویکسین کے غزہ پٹی میں داخلے کو معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیا۔الکیلہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکام نے فلسطینی وزارت صحت کو غزہ پٹی میں کورونا ویکسین کی 2000 خوراکیں داخل کرنے سے روک دیا۔ روسی اسپٹنک وی ویکسین ہنگامی شعبوں اور انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں کام کرنے والے طبی عملے کو فراہم ہونا تھی۔فلسطینی خاتون وزیر نے تمام بین الاقوامی قوانین اور سمجھوتوں کے منافی اس اقدام کی پوری ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی۔اسرائیلی حکام نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو اس بات کی تصدیق کی ہیکہ فلسطینی حکام نے ویکسین کی 1000 خوراکیں غزہ کی پٹی منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم یہ درخواست زیر غور ہے اور سیاسی قیادت کی جانب سے منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Leave a comment