’فحاشی پھیلا رہا امیزون‘، انڈر گارمنٹس پر بھگوان گنیش کی تصویر دیکھ کر بی جے پی لیڈر شائنا این سی حیران

939

ممبئی :آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ’امیزون‘ پر فروخت کے لیے موجود ایک انڈر گارمنٹ تنازعہ کا سبب بن گیا ہے۔ تنازعہ کی وجہ ہے اس انڈر گارمنٹ پر موجود بھگوان گنیش کی تصویر۔ اب اس معاملے نے طول پکڑ لیا ہے اور بی جے پی لیڈر و مشہور فیشن ڈیزائنر شائنا این سی نے امیزون کو شدید پھٹکار لگائی ہے۔ انھوں نے امیزون اور انڈر گارمنٹ کے ڈیزائنر پر فحاشی پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی حرکتیں ناقابل قبول ہیں۔

شائنا نے کمپنی اور ڈیزائنر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈر گارمنٹ پر بھگوان گنیش کی تصویر صرف سرخیوں میں آنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بھگوان گنیش میں ہم عقیدہ رکھتے ہیں۔ اس طرح کی حرکت قابل مذمت ہے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

اس کے لیے صرف ڈیزائنر ہی نہیں بلکہ کمپنی بھی ذمہ داری ہے۔ عقیدہ سے جڑی چیزوں کا اس طرح سے غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘

انڈرگارمنٹ کے ڈیزائنر پر سوال اٹھاتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس نے تو فحاشی کی ساری حدیں پار کر دی ہے۔ ڈیزائنر کے نام پر سماج میں گندگی پھیلائی جا رہی ہے۔ یہ کسی ڈیزائنر کا ہنر نہیں بلکہ گندگی ہے۔

ڈیزائنر وہ ہوتا ہے جو لوگوں کو روزگار دیتا ہے، ڈیزائنر اپنے ہنر کا استعمال کر لوگوں کو اچھا اور بہترین لباس دستیاب کراتا ہے، لیکن اسے ہم کوئی ہنر نہیں کہیں گے۔