عوامی مقامات پر نماز پڑھنے کی بجائے گھر جاکر قضا کرلیں: مفتی عبید اللہ

الہ آباد : ریاست اترپردیش کے شہر الہ آباد (پریاگ راج) کے ہتھورا باندہ میں واقع جامعہ عربیہ کے صدر مفتی و شیخ الحدیث مفتی سید محمد عبیداللہ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ عوامی مقامات پر نماز پڑھنے سے گریز کریں اور اگر نماز چھوٹ جائے تو گھر جا کر اس کی قضا ادا کر لیں۔

مفتی محمد عیبداللہ کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب کہ عوامی مقامات پر نماز ادا کرنے کی پاداش میں ملک کے کئی حصوں میں مقدمات درج ہوئے ہیں۔ ا س کے علاوہ کئی نمازیوں کو عوامی مقامات نماز پڑھنے کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا۔

جامعہ عربیہ ہتھورا باندہ کے صدر مفتی و شیخ الحدیث مفتی سید محمد عبیداللہ نے کہا ہے کہ آج کے پرفتن حالات میں اگر کسی عوامی جگہ پر نماز ادا کرنے میں کسی نقصان کا اندیشہ ہو تو گھر جا کر نماز قضا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

جامعہ ہتھورا کے طالب علم محمد طلحہ مختار بہرائچی کے حوالہ سے ایم یو سرور نے اطلاع دی ہے کہ مفتی عبید اللہ نے جامعہ کی مسجد میں اس مفہوم کا خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین میں اسٹیشن پر، بس اڈہ پر کسی ڈھابے وغیرہ پر اب نماز پڑھنا اب آفت کو مول لینے جیسا ہوگیا ہے

۔ایسے حالات میں نماز کا وقت ہو جائے تو یہ شجاعت و بہادری نہیں ہے کہ وہاں نماز ادا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نظام یہ تھا کہ کسی جگہ شریعت کے احکام کی بجا آوری میں دشواری پیدا ہورہی ہے تو وہاں سے دوسری جگہ جا کر بس جاؤ، اس لئے کہ خدا کی زمین بہت وسیع ہے لیکن موجودہ حالات میں ممکن نہیں ہے۔