Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

عمر خالد 10روز کی پولیس ریمانڈ پر

نئی دہلی 14 ستمبر(یواین آئی)دہلی تشدد معاملہ میں گرفتار عمرخالد کو یہاں کی ایک عدالت نے پیر کے روز 10 دن کی پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ہے۔کڑکڑڈوما عدالت میں دہلی پولیس کی جانب سے عمرخالد کے لیے 10روز کی حراست طلب کی گئی تھی۔معاملہ کی سماعت کررہے ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت نے عمر خالد کے وکیل کی مخالفت کے باوجود اسپیشل برانچ کی درخواست کوقبول کرتے ہوئے عمر خالد کی 10 روز کی ریمانڈ منظور کی۔


دہلی تشدد معاملہ کی تحقیقات کررہی پولیس کی اسپیشل برانچ نے جواہرلال نہرو یونیورسٹی(جے این یو)کے سابق طالب علم عمرخالد کو اتوار کے روز گرفتار کیا تھا۔عمرخالد کی گزشتہ شب تقریباً دوگھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتاری کی گئی تھی۔پولیس کو آج عمرخالد کو عدالت میں پیش کرنا تھا،لیکن پولیس سکیورٹی وجوہات سے اسے عدالت نہیں لے گئی۔
جے این یو کے سابق طالب علم کی عدالت کے روبرو پیشی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کرائی گئی۔پولیس نے سکیورٹی وجوہات سے عمرخالد کوعدالت نہ لے جاکر ورچوئل طریقہ سے پیش کرانے کی عدالت سے اپیل کی تھی جسے قبول کرلیا گیا تھا۔
عمرخالد کے وکیل تردیپ پائس نے اسپیشل برانچ کے ریمانڈ کے مطالبہ کی مخالفت کی۔وکیل کی دلیل تھی اس کے موکل کی جان کو خطرہ ہے۔
وکیل نے کہا عمر خالد نے شہری ترمیمی بل(سی اے اے)کی مخالفت کی،حکومت کے کسی فیصلے کی مخالفت کرنا جرم کی زمرے میں آسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی تشدد کے معاملہ میں دہلی پولیس بلا وجہ اسے پھنسارہی ہے۔وکیل کی دلیل تھی کہ دہلی میں جب 23 سے 26 فروری کے درمیان فسادات ہوئے اس دوران عمرخالد دہلی میں نہیں تھا۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی پولیس نے رواں سال چھ مارچ کو عمر خالد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔مقدمہ بھیڑ جمع کرنے،اشتعال انگیزتقریر کرنے۔امریکی صدر کے دورہ کے درمیان لوگوں کو سڑک پر مظاہرہ کرنے کے لیے اکسانے سمیت سنگین الزام ہیں۔عمر خالد پر تشدد بھڑکانے اور تشدد کی منصوبہ بند سازش کرنے کا الزام بھی ہے۔