علم کی اشاعت کے لیے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی کاوشیں قابل ستائش : امتیاز جلیل
اورنگ آباد:پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے اسکالر شپ تقسیم پروگرام کا انعقاد
اورنگ آباد: پاپولر فرنٹ آف انڈیا ملکی سطح کی سماجی ملی نتظیم ہے۔ اس کا مقصد تمام پسماندہ طبقات خصوصاً مسلم سماج کی تعلیمی، معاشی، سماجی، قانونی تقویت پہنچانا، تعلیمی تقویت کے لیے PFI ملکی سطح پر مختلف مہمات چلاتی ہے جیسے اسکول چلو مہم، سرو شکشن گرام اسکول بیگ کٹ اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے اسکالر شپ تقسیم قابل ذکر ہے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارے شہر اورنگ آباد میں بھی مختلف منتخب شدہ طلباء و طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔ اس مناسبت سے ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جو یکم مارچ ۲۰۲۰ء بروز اتوار بمقام ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر ریسرچ سینٹر نزد شہنشاہ اورنگ زیب عالمگیر عام خاص میدان، بوقت صبح ۱۰ بجے تا دوپہر چار بجے تک عمل میں آیا۔ اس پروگرام کو دو سیشن میں تقسیم کیاگیا۔پہلا سیشن صبح ۱۰ بجے تا دوپہر دیڑھ بجے تک تھا جس میں طلباء و طالبات کے لیے کریئر گائیڈنس کے عنوان سے رہنمائی کی گئی۔ اس میں ماہرین تعلیم عامر خان ناندیڑ، محمد عمران ممبئی اور ہمارے شہر کے مولانا ناصر ندوی، سید کلیم اور محسن ندوی صاحبان موجود تھے۔
دوسرا سیشن دوپہر ڈھائی سے شروع ہوا جس میں اہل علم و دانش اور قائدین حضرات موجود تھے۔ ہمارے ضلع کے ممبر آف پارلیمنٹ سید امتیاز جلیل صاحب ، عامر خان صاحب(ریاستی جنرل سکریٹری ، پاپولر فرنٹ آف انڈیا) ڈاکٹر فیصل خلجی، ناصر ندوی، مولانا عبد الرحمان ندوی، صدیقی مہہ جبین، ڈاکٹر ثناء خلجی و دیگر مہمانان موجود تھے۔
سید امتیاز جلیل نے اپنے خطاب میں تنظیم کی تعلیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا ملک کے تمام حصوں میں مختلف طبقات میں تعلیمی لحاظ سے بہت اہم خدمات انجام دے رہی ہے جو عظیم فقید المثال ہے۔ اس سیشن میں عامر خان مولانا عبد الرحمان اور ڈاکٹر ثناء خلجی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شیخ ناصر ندوی نے اپنے صدارتی خطاب میں تنظیم کے مقاصد اور موجودہ درپیش حالات اور تعلیمی تقویت کے لیے تنظیم کے لائحہ عمل اور کوششوں کو مفصل انداز میں پیش کیا۔ آخر میں مہمانانِ خصوصی کےہاتھوں طلباء و طالبات کو اسکالرشپ چیک سے نوازا گیا۔ بعد ازاں سید کلیم کے ذریعے تشکر اور اختتامی کلمات کے ذریعے پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں ۳۰ طلباء و طالبات میں ۲ لاکھ روپئے تقسیم کیے گئے اور شرکاء میں سیکڑوں کی تعداد میں طلباء و طالبات شریک تھے۔پروگرام کی نظامت شیخ منیر احمد نے کی اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع صدرPFI شیخ عرفان ملی جنرل سکریٹری محمد صابر سکریٹری محمد محسن ندوی اور تمام ممبران نے جدوجہد کی۔