عظیم اتحاد میں ہماری پارٹی بھی شامل ہوگی : بدرالدین اجمل کا اعلان

0 8

مولانا بدرالدین اجمل نے آسام میں این آرسی پر کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس معاملے میں کوئی گڑ بڑی نہیں ہوگی۔ کیونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

دیوبند ۔ 16 اکتوبر 2018
آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی ڈی ایف) کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل نے کہا ہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے خلاف تشکیل پانے والے عظیم اتحاد میں ہماری پارٹی شامل ہوگی۔
ممبر پارلیمنٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا میں ہمارے تین رکن پارلیمان ہیں اورگذشتہ عام انتخابات اوراسمبلی انتخابات میں بغیر اتحاد کےعلیحدہ انتخاب میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے قبول کیا کہ ان کے اورکانگریس کے درمیان ووٹوں کی تقسیم کی وجہ سے آسام میں بی جے پی کی حکومت بنی۔
مولانا بدرالدین اجمل نے وزیراعظم نریندرمودی اوربی جے پی صدرامت شاہ پرالزام لگایا کہ مرکزی حکومت آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ایجنڈے پرچل رہی ہے۔ نریندرمودی نے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے، انہیں فراموش کر دیا اورناگپورکے اشارے پرکام کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے ہرشعبے میں مہنگائی بڑھی ہے، جس سے عوام پریشان ہیں۔
مولانا بدرالدین اجمل نے آسام میں این آر سی کے سوال پرکہا کہ انہیں بھروسہ ہے کہ اس معاملے میں کوئی گڑبڑی نہیں ہوگی۔ کیونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے انہیں سپریم کورٹ پرپورا بھروسہ ہے۔