Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

عرفان خان کے بعد معروف اداکار رشی کپور نے بھی دنیا کو کہا الوداع

IMG_20190630_195052.JPG

پہلے عرفان خان، اور اب رشی کپور۔ دو دنوں میں بالی ووڈ کو دوسرا زبردست جھٹکا لگا ہے۔ امیتابھ بچن نے رشی کپور کے انتقال کی اندوہناک خبر اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ اس خبر کے بعد بالی ووڈ میں ماتم کا ماحول چھا گیا ہے۔ امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ”وہ چلا گیا! رشی کپور… گیا… ابھی انتقال کر گیا… میں پوری طرح بکھر گیا ہوں۔“

بالی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور کا ممبئی کے ہسپتال میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر 67 برس تھی۔

رشی کپور کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل بدھ کے روز رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ ‘انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ سرطان کے مرض سے لڑ رہے تھے اور انھیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔’

بدھ کی صبح طبعیت بگڑنے پر انھیں ممبئی کے ایچ این ریلائنس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

فروری کے آغاز میں بھی رشی کپور کو طبعیت بگڑنے پر دو مرتبہ ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ رشی کپور گذشتہ برس سمتبر میں تقریباً ایک برس امریکا میں اپنا کینسر کا علاج کروا کر انڈیا واپس آئے تھے۔

رشی کپور نے بالی وڈ میں اپنے فنی و فلمی کیریئر کا آغاز سنہ 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے کیا تھا جو کہ سپرہٹ قرار پائی تھی۔ اس کے علاوہ وہ شری 420 اور میرا نام جوکر جیسی بلاک بسٹر فلموں میں بھی بطور چائیلڈ فنکار آ چکے تھے۔

رشی کپور بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان کے رکن تھے اور ماضی کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے۔ ان کے چار بہن بھائی رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔

رشی کپور بالی وڈ کے مشہور فلمی ہیرو رنبیر کپور کے والد تھے۔ ان کے لواحقین میں اہلیہ نیتو کپور، بیٹے رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما ہیں۔

رشی کپور نے تقریباً 20 برس بالی وڈ کی فلموں میں بطور ہیرو کام کیا، ان کی موت کی اطلاع ملتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔

بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے بھی ان کی موت کی اطلاع اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ گزر گئے ہیں، رشی کپور کا انتقال ہو گیا ہے۔‘