عراق میں ریت کاایک اور طوفان،ائیرپورٹس بند
بغداد : عراق میں ریت کا ایک اور شدید طوفان آیا ہے جس کے بعد ملک میں سرکاری عمارتیں بند کردی گئیں اور بعض ہوائی اڈوں پرفضائی ٹریفک کو بھی عارضی طور پرمعطل کردیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق دارالحکومت بغداد دھول کے ایک بڑے بادل میں لپٹ گیاجس کی وجہ سے عام طور پر ٹریفک کے ازدحام والی سڑکیں بڑی حد تک ویران نظرآرہی تھیں۔ وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے مراکزِصحت اورسکیورٹی اداروں کے سوا سرکاری محکموں میں تمام کام بند کرنے کا حکم دیا۔انھوں نے اپنے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں خراب موسمی حالات اورریت کے شدید طوفان کواس فیصلے کا سبب قراردیا۔وزارت ماحولیات نے خبردارکیا کہ آیندہ دو دہائیوں کے دوران میں عراق ہرسال اوسطا 272 دن ریت کے طوفانوں کی زد میں آ سکتا ہے۔2050 تک یہ تعداد بڑھ کر 300 سے اوپر پہنچ جائے گی۔مختلف سرکاری بیانات کے مطابق بغداد،اربیل اورنجف کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر فضائی ٹریفک معطل کردی گئی۔