بغداد : عراق میں امریکہ کے ایک اور فوجی اڈہ پر چار کاتیوشا راکٹ داغے گئے ہیں۔عراق کے دارالحکومت بغداد سے 80 کلومیٹرشمال میں واقع شہر بلد میں اس فوجی اڈہ پرامریکی اہلکار اور کنٹریکٹر رہتے ہیں۔عراق کے سرکاری میڈیا نے ہفتہ کی شب فوجی ذرائع کے حوالے سے بلد کے فوجی اڈے پر اس راکٹ حملے کی اطلاع دی ہے لیکن یہ نہیں بتایاکہ اس حملے میں کوئی شخص زخمی یا ہلاک بھی ہوا ہے اور نہ یہ بتایا ہے کہ اس راکٹ حملے میں کس کا ہاتھ کارفرما ہے۔بلد میں امریکی بیس پراس راکٹ حملے سے چنددن قبل معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم ناٹونے عراق میں اپنے مشن میں ڈرامائی طور پر توسیع کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ عراق میں سخت گیرجنگجو گروپ داعش کی باقیات سے لڑنے کے لیے ناٹو فوجیوں کی تعداد 500سے بڑھا کر 4000 کی جارہی ہے۔اس سے قبل گذشتہ سوموار کو عراق کے خود مختار شمالی علاقے کردستان کے علاقائی دارالحکومت اربیل میں امریکی فوج کے بیس پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک کنٹریکٹر ہلاک اور ایک امریکی فوجی سمیت نوافراد زخمی ہوگئے تھے۔امریکہ کی قیادت میں اتحاد کے بیان کے مطابق اربیل کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر واقع فوجی اڈے پر 14 راکٹ داغے گئے تھے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں