اسلام آباد، 23مارچ (یو این آئی) پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ حکومت چھوڑنے کیلئے تیار ہوں لیکن انہیں استعفیٰ نہیں دوں گا ساتھ ہی کہا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے ایک روز قبل سرپرائز دوں گا۔وزیراعظم ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ کیا چوروں کے دباؤ پر استعفیٰ دے دوں؟

حکومت چھوڑنے کیلئے تیار ہوں لیکن انہیں استعفیٰ نہیں دوں گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت گر بھی گئی تو چپ نہیں بیٹھوں گا، لڑائی ہونے دیں وقت بتائے گا استعفیٰ کون دے گا؟ ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز دوں گا جبکہ اپوزیشن نے دباؤ میں آکر اپنے تمام کارڈز شو کر دیے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اگر کوئی پارٹی رکن ناراض ہے تو استعفیٰ دے، ابھی تو لڑائی شروع ہوئی ہے، میں ہار ماننے والا نہیں، کسی بھی صورت این آر او نہیں ملے گا۔