جند 12 مارچ (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (آپ) کے راجیہ سبھا ممبر اور پارٹی کے ہریانہ انچارج ڈاکٹر سشیل گپتا نے ہفتہ کو کہا کہ آپ نے ابھی پنجاب جیتا ہے اور اگلی باری ہریانہ جیتنے کی ہے۔ ہریانہ کے کئی بڑے بڑے اور سرکردہ لوگ پارٹی کے رابطے میں ہیں۔پنجاب میں پارٹی کی زبردست اکثریت کے سلسلے میں ضلع میں منعقد وجے یاترا کے دوران ڈاکٹر گپتا نے آج نامہ نگاروں سے کہا کہ آنے والے وقت میں پارٹی شہری باڈی اور پنچایتی انتخابات پارٹی کے نشان پر لڑے گی۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی- جننائک جنتا پارٹی (بی جے پی- جے جے پی) مخلوط حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔


انہوں نے کہا کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی حالت ناقص ہوچکی ہے اور آئے روز عصمت دری کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ روزگار کا کوئی ذریعہ نہیں بچا۔ نوجوان در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ لوٹ مار، ڈکیتی کھلے عام ہو رہی ہے۔ لوگ بی جے پی مخلوط حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں آپ نے بڑی بڑی سیاسی شخصیات کو دھول چٹا دی ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں اب تک آپ نے سب سے زیادہ ایم ایل اے دیے ہیں۔ ریاست کے عوام نے ایک ایماندار حکومت کا انتخاب کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں ہریانہ میں بھی ایک ایماندار حکومت بنے گی۔ آپ کی حکومت دہلی میں بجلی، پانی، سڑک، اسپتال اور تعلیم کی جو سہولتیں فراہم کر رہی ہے وہ پنجاب میں بھی لوگوں کو دستیاب ہوگی۔ بڑی پارٹیوں کے لیڈر آپ کے دفتر کا رخ کر رہے ہیں۔ پارٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی میں صرف صاف ستھرے اور دیانتدار شخص کو ہی شامل کیا جائے گا۔ ہریانہ میں بی جے پی-جے جے پی مخلوط حکومت مینڈیٹ کے خلاف قائم ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی کا اندر سے صفایا ہو چکا ہے۔ یہ جہاں بھی جیت حاصل کرتی ہے، وہیں پر بچھ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلا ہدف مسٹر اروند کیجریوال کو ملک کا وزیر اعظم بنانا ہے تاکہ لوگوں کو ایماندار اور صاف ستھری شبیہ والی حکومت ملے اور ہر شخص کو بنیادی سہولیات میسر ہوں اور ان کے خواب پورے ہوں۔