عامر خان کی بیٹی آئرہ خان اور نوپور شکھرے کی سگائی، عامر کا پورا کنبہ شریک ہوا

1,449

مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی آئرہ خان نے اپنے بوائے فرینڈ نوپور شکھرے کے ساتھ 18 نومبر کو باضابطہ ایک تقریب کے دوران سگائی کر لی۔ کچھ ماہ قبل کی ہی بات ہے جب آئرہ کو نوپور نے شادی کے لیے پروپوز کیا تھا۔ اس واقعہ کی ویڈیو آئرہ خان نے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی تھی۔ اب دونوں کی باضابطہ سگائی ہو گئی ہے، اور اس تقریب میں عامر خان کے ساتھ ساتھ ان کا پورا کنبہ بھی شریک ہوا۔

سگائی تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر عامر خان، آئرہ خان، نوپور شکھرے اور ان کے رشتہ داروں کی تصویریں تیزی کے ساتھ سامنے آنے لگیں۔ آئرہ خان نے جہاں سرخ رنگ کا گاؤن پہنا ہے، وہیں نوپور شکھرے نے سیاہ رنگ کا ٹکسیڈو لباس زیب تن کیا ہے۔ عامر خان اس تقریب میں سب کی توجہ اپنی طرف کھینچتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، کیونکہ وہ بڑی سفید داڑھی میں بالکل ہی الگ اور جاذب نظر دکھائی پڑ رہے ہیں۔ عامر خان غالباً پہلی بار اپنے اس انداز میں کیمرے سامنے آئے ہیں۔

اس تقریب میں عامر خان سفید رنگ کا کرتا پائجامہ پہنے نظر آئے اور اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ فوٹوگرافرس کے کیمرے ان کی طرف سے ہٹ نہیں رہے تھے۔ آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگائے وہ اس تقریب میں شامل ہونے والے لوگوں سے گرمجوشی کے ساتھ مل رہے تھے۔ عامر کی پہلی بیوی اور آئرہ خان کی ماں رینا دتہ بھی بیٹی کی سگائی میں پہنچی تھیں۔ وہ زرد رنگ کی ساڑی زیب تن کیے ہوئے تھیں۔

ان کے علاوہ آئرہ کا بھائی جنید خان، سوتیلی ماں کرن راؤ اور سوتیلا بھائی آزاد راؤ خان نے بھی سگائی تقریب میں شرکت کی۔ آئرہ کی دادی زینت حسین اور پھوپھازاد بھائی عمران خان بھی تقریب میں پیش پیش نظر آئے۔ ساتھ ہی عامر خان کی دونوں بہنیں نکہت اور فرحت بھی آئرہ-نوپور کو نیک خواہشات پیش کرنے کے لیے پہنچی ہوئی تھیں۔