عالمِ دین مولانا طارق جمیل کودل کا دورہٗ اسپتال منتقل
ٹورنٹو: (ایجنسیز)معروف مبلغ اور عالمِ دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں والد کو دل کا دورہ پڑا ہے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ یوسف جمیل نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے۔
بابا جان اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے. اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے. آپ سب احباب سے دعاؤں کی درخواست ہے. اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے.
— Yousaf Jamil (@YousafjamilMTJ) December 27, 2022
انہوں نے تمام احباب سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’اللّٰہ والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔‘واضح رہے اس پیغام کو مولانا طارق جمیل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی ری ٹوئٹ کیا گیا۔
2019 میں ممتاز عالم دین کو بھی دل کا دورہ پڑا اور لاہور میں ان کی کامیاب انجیو پلاسٹی ہوئی۔
مولانا طارق جمیل کی پنجاب کے دارالحکومت کے نجی اسپتال میں انجیو پلاسٹی کی گئی۔ شریانوں کی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے اس کے دل میں سٹینٹ ڈالا گیا۔
مقبول عالم دسمبر 2020 میں بھی مہلک کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے لیکن وہ اس وبائی مرض سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے تھے۔