عاشق نے معشوقہ کو تیزاب اور پٹرول ڈال کر زندہ جلادیا‘ نامراد عاشق ناندیڑ ضلع سے گرفتار

بیڑ/ناندیڑ، 15 نومبر (یواین آئی ورق تازہ نیوز) دیوالی کے تہوار پر ایک دل دہلانے والے سانحہ میں 22سالہ دوشیزہ نے تیزاب کے حملہ کے 16گھنٹے کے بعد دم توڑ دیا ہے۔اس کے عاشق نے تیزاب کے ساتھ ساتھ پٹرول ڈال کر آگ لگا دی تھی اور لڑکی 12 گھنٹے تک سڑک کنارے ایک گہرے کھڈے میں پڑی تھی۔

پولیس نے فوری کارروائی کی اور مفرور ملزم کی تلاش تیزی سے شروع کردی اور ملزم کو ناندیڑضلع کے دیگلور تعلقہ سے گرفتار کرلیا۔بیڑ کے نیکنور پولیس اسٹیشن کے تحقیقاتی افسر لکشمن کیندر نے مطلع کیاہے ۔ گرفتاری پر سیاسی بیان بازی شروع ہوچکی ہے۔

یہ واقعہ سنیچر کو پیش آیا۔ناندیڑضلع کے دیگلور تعلقہ کے شیڑ گاوں کا نوجوان رام کشن راجورے (25) اور سویتا انکولجر(22) سنیچر کی صبح پونے سے اپنے گاوں شیل گاوں ،ناندیڑ ضلع موٹر سائیکل پر سوار ہوکر روانہ ہوئے تاکہ اپنوں میں دیوالی منائیں۔ راستے میں 450کلومیٹر کاسفر طے ہونے کے بعد سنیچر کی صبح 2بجے موٹر سائیکل روک کربیڑضلع کے یلیمب گھاٹ علاقہ میں لڑکی پر حملہ کیا اور پولیس نے مطابق ملزم نے پہلے لڑکی کا گلا دبانے کی کوشش کی اور لڑکی نے اپنے دفاع میں ہاتھ پاو¿ں مارے تب ملزم نے ایسیڈ کی بوتل نکال کر اس پر انڈیل دی اور پھرپٹرول سے حملہ کرکے آگ لگادی اور اسے شاہراہِ کے کنارے کھائی میں پھینک دیا۔

ایک چرواہے نے 12گھنٹے بعد دوپہر میں لڑکی کی کراہنے کی آواز سنی اور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعدپولس نے اسے بیڑ کے سول اسپتال پہنچایا۔اسپتال کے عملے نے کہاکہ لڑکی پچاس فیصد جھلس گئی تھی اور تیزاب کے ساتھ پٹرول سے جلنے کابھی اثر ہوا تھا۔16گھنٹے موت وزندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد آج دم توڑ دیا۔

ابتدائی جانچ کے مطابق دونوں پونے میں ساتھ ساتھ لیو ان پارٹنر کے طور پر رہتے تھے۔فی الحال قتل کا سبب پتہ نہیں چلا ہے۔ پولس کوموت کے دہانے پرچھوڑ کر رام کشن فرار ہوگیاتھا جس کی تلاش میں پولس مستعد ہوگئی۔ ملزم کاتعلق ناندیڑضلع سے ہونے پر بیڑ پولس نے ناندیڑ پولس کومطلع کیا۔

ناندیڑ ایس پی پرمود شیواڑے نے دیگلو ر پولس ومقامی ایل سی بی دستے ملزم کی تلاش میں روانہ کردئے ۔آج اتوار کو دوپہر چاربجے اطلاع ملی کہ ملزم دیگلور تعلقہ کے آدمپور میں ایک دھابے پر کھانا کھاتے ہوئے بیٹھا ہوا ہے ۔ پولس نے فی الفور چھاپہ مارکر ملزم کو گرفتار کرلیا ۔اسکے بعد بیڑ پولس کے سپرد کردیاگیا۔