طلاق ثلاثہ دینے پر شوہر کو مقدمات کا سامنا
اندور:19۔/ جنوری ( ایجنسیز) مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں پولیس نے ایک 32 سالہ شخص کے خلاف اپنی چوتھی بیوی کو طلاق ثلاثہ (فوری طلاق) دینے کے الزام میں مقدمات درج کرلئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔ واضح رہے کہ مسلم خواتین (تحفظ حقوق بر شادی) ایکٹ کے تحت فوری طلاق ثلاثہ پر پابندی عائد ہے اور 3 سال تک کی سزائے قید دی جاسکتی ہے۔
مقامی پولیس اسٹیشن کی سب انسپکٹر منیشا ڈانگی نے بتایا کہ یہاں کھجرانہ کی ساکن خاتون نے میٹریمونیل ویب سائٹ کے ذریعہ ربط میں آنے کے بعد ملزم عمران سے شادی کی تھی۔ عمران نے خاتون کی سابقہ شادیوں سے ہونے والے بچوں کی دیکھ بھال کرنے کا مبینہ طورپر وعدہ کیا تھا۔ اس خاتون کو حال ہی میں پتہ چلا کہ عمران کی پہلے سے 3 بیویاں ہیں جس کے بعد جھگڑے شروع ہوگئے۔
راجستھان کے ساکن عمران نے اسے طلاق ِ ثلاثہ کے الفاظ پر مشتمل ٹیکسٹ پیام روانہ کرتے ہوئے شادی کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ خاتون کی شکایت پر کھجرانہ پولیس نے پیر کے روز عمران کے خلاف مذکورہ قانون کے تحت ایک کیس درج کرلیا۔ انہوں نے تعزیرات ِ ہند کے تحت بھی کیس درج کیا ہے۔