طالبہ کے پیار میں پاگل خاتون ٹیچر نے اپنی جنس تبدیل کرواکر شادی کرلی، دیکھئے ویڈیو رپورٹ

4,305

بھرت پور (راجستھان): راجستھان میں ایک سکول ٹیچر نے اپنی جنس تبدیل کر کے اپنی ہی ایک طالبہ سے شادی کرلی۔بھرت پور میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچر جس کا نام میرا ہے، اپنی ایک طالبہ کلپنا فوجدار کے عشق میں مبتلا ہوگئی اور اس سے شادی کرنے کے لئے اپنی جنس کی تبدیلی کا آپریشن کرالیا۔

میرا، جس کا نام اب آرو کنتل ہے، نے بتایا کہ محبت میں سب کچھ جائز ہے اور اسی لئے میں نے اپنی جنس تبدیل کرالی ہے اور اپنی محبت حاصل کرلی ہے۔میرا کی کلپنا سے ملاقات اسکول میں فزیکل ایجوکیشن کی کلاسز کے دوران ہوئی۔ کلپنا ریاستی سطح کی کبڈی کھلاڑی ہے اور وہ ممکنہ طور پر جنوری میں ایک بین الاقوامی کبڈی ٹورنمنٹ کے لئے دبئی جانے والی ہے۔

آرو کنتل نے کہا کہ اسکول کے پلے گراؤنڈ میں کلپنا سے بات چیت کے دوران وہ اس کی محبت میں مبتلا ہوگیا تھا۔ وہ ہمیشہ سے لڑکا بننا چاہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں ایک لڑکی بن کر پیدا ہوا لیکن میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ میں لڑکا ہوں۔ میں ہمیشہ سے اپنی جنس تبدیل کرانے کے لئے سرجری کروانا چاہتا تھا۔ دسمبر 2019 میں میری پہلی سرجری ہوئی۔

 

دلہن کلپنا نے بتایا کہ وہ بھی آرو سے طویل عرصے سے محبت کر رہی ہے اور اگر اس کی سرجری نہ بھی کروائی جاتی تو وہ اس سے شادی کرلیتی۔کلپنا نے مزید کہا کہ میں شروع سے ہی اس سے پیار کرتی تھی۔ اگر اس نے یہ سرجری نہ بھی کروائی ہوتی تو بھی میں اس سے شادی کر لیتی۔ میں سرجری کے لئے اس کے ساتھ گئی تھی۔ایسی شادی اگرچہ غیر روایتی اور ہندوستان میں بہت کم دیکھنے میں آتی ہے، اس کے باوجود ان کے والدین نے انہیں قبول کرلیا ہے۔