دوحہ:طالبان کے رہنما ملاعبدالغنی برادر کا کہنا ہے کہ امریکہ امن ڈیل پر مکمل عمل درآمد کرے اور افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء یقینی بنائے ۔ملاعبدالغنی برادر نے امریکی عوام کے نام کھلے خط میں کہا ہے کہ طالبان افغانستان کے مسئلہ کے سیاسی حل کی تلاش ، امن معاہدے پر عمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔خط کے متن میں ان کا کہنا ہے کہ قطر میں سیاسی دفتر کھلنے کے بعد افغان سیاسی حل کی جانب پہلا قدم اٹھایا ہے ۔ملاعبدالغنی برادر نے کہا کہ افغان عوام اسلامی حکومت اور امن و سلامتی کو بین افغان مذاکرات کے ذریعہ حاصل کرسکتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ دوحہ میں ہونے والی امریکہ طالبان ڈیل کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے اور امریکہ اس امن ڈیل پر مکمل عمل درآمد کرے ۔خط میں مزید کہا گیا کہ ہم اسلامی قوانین کے تحت خواتین کے حقوق کا احترام کرتے ہیں۔واضح رہے کہ دوحہ میں امن مذاکرات کا سلسلہ سابق صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دور سے ہی جاری ہے مگر اب تک اس کے کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں