• 425
    Shares

ناندیڑ:12 جولائی۔( ورق تازہ نیوز)نوتعمیر ناندیڑ اردوگھر کی دیکھ بھال او رنگہداشت کے لئے ثقافتی کمیٹی اور ذیلی ثقافتی کمیٹی کے عہدیداران اور سرکاری غیرسرکاری ممبران کے ناموں کااعلان کردیا گیا ہے ۔ آج 12جولائی کو ضلع کلکٹر نے اپنا مراسلہ جاری کرتے ہوئے دونوں کمیٹیوں کی تشکیل کا باضابطہ اعلان کیا ہے ۔ ثقافتی کمیٹی ‘ضلع کلکٹر ڈاکٹرویپن اٹنکر کی صدارت میں تشکیل پائی ہے ۔ جس کے نائب صدر ڈپٹی کلکٹر شرد منڈلک ہیں۔ سرکاری ممبران میں ڈاکٹرجگدیش این کلکرنی (ایس آر ٹی یونیورسٹی) ‘جناب اجیت پال سنگھ سندھو ُڈپٹی کمشنرناندیڑمیونسپل کارپوریشن ا ورجناب ہاشمی سید شعیب قمرالدین سی ای او مہاراشٹر اسٹیٹ ساہتیہ اردو اکیڈیمی ممبئی ہیں۔

غیر سرکاری ممبران میں معروف ایڈوکیٹ محمد عبدالرحمن صدیقی (شاعر)‘ جناب محمدتقی سینئر صحافی اور ادیب ‘ جناب قاضی ادریس علی سحر کی نامزدگی عمل میں آئی ہے ۔ کمیٹی میں شہر کے سینرکالج کے دو اردو لکچرر ڈاکٹر درانی شبانہ ‘ ڈاکٹر تسنیم انجم ‘ اردو اسکول کے تین اساتذہ میں جناب مظفر الدین ضمیر الدین ‘جناب حبیب مسعود علی ‘ جناب ذکی احمد قریشی شفیع احمدقریشی کو بھی کمیٹی کارکن بنایا گیا ہے ۔ اردو گھر کے مینجر کو ممبر سیکریٹری کاعہدہ دیاگیا ہے ۔ اس طرح یہ کمیٹی جملہ 14 ممبران پر مشتمل ہے۔

اردوگھر کی ثقافتی ذیلی کمیٹی شری شرد منڈلک ڈپٹی کلکٹر کی صدارت میں تشکیل دی گئی ہے ۔ جس کے واحد غیر سرکاری ممبر کی حیثیت سے محمد منتجب الدین صحافی وادیب اوراردوگھر کے مینجر کوممبر سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔اس طرح یہ کمیٹی جملہ 3 ممبران پر مشتمل ہے۔ دونوں کمیٹیوں کے غیر سرکاری ممبران کی معیاد ان کی نامزدگی کی تاریخ سے تین سال تک رہے گی ۔ ممبران کو کمیٹیوں کے اجلاس میں حاضر رہنا لازمی ہوگا۔

واضح ہوکہ غیر سرکاری ممبران کے ناموں کی سفارش حکومت مہاراشٹر وزیر تعمیرات عامہ و ناندیڑ ضلع کے رابطہ وزیر عالی جناب اشوک راو جی چوہان اور عالی جناب نواب ملک وزیر اقلیتی ترقیات و اوقاف‘ مہارت ترقی ‘ روزگار نے کی تھی۔

ناندیڑ میںاردو گھر کے قیام کےلئے ناندیڑ کے کئی مسلم وکلاء‘ مسلم قائدین ‘ ادیبوں اورصحافیوں نے بڑی کوششیں کی ہیں ۔ اردوگھر کے قیام کا مقصد اردو زبان‘ تعلیم‘ ادب اور ثقافت کی ترقی و ترویج و اشاعت ہے ۔ اس کے علاوہ مراٹھی زبان اور اردو زبان میں مضبوط رشتے قائم کرنا ہے ۔ واضح ہو کہ اردو گھر کا افتتاح 14 جولائی کو دوپہر میں عمل میں آرہا ہے۔ اس طرح ناندیڑ کے اردو داں طبقہ کا یہ دیرینہ خواب اب شرمندئہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔