ضلع ستارہ کےفساد متاثرہ گائوں میں ابھی تک خوف و ہراس برقرار

جمعیۃ علماء ضلع ستارہ کے ذمہ داروں کا دورہ ، مرحوم کے اہل خانہ و دیگر متاثرین اور زخمیوں سے ملاقات

326

 ممبئی ۔۱۴؍ ستمبر ( پریس ریلیز) آج یہاں ضلع  ستارہ کے تعلقہ کھٹائو موضع پوسےسا ولی میں اچانک بھڑکنے والا تشدد جس میں اکثریتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے فرقہ پرستوں نے ایک مسلم نوجوان کو شہید کردیا تھا اور مسلمانوں کی عبادت گاہوں دو کانوں ،گاڑیوں اور دیگر اور اشیائے تجارت کو نشانہ بناتے ہوئے جم کر توڑ پھوڑ کی اور ان کی املاک کو نذر آتش کردیا ۔

اس معاملہ کو لے کر جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء ضلع ستارہ کے صدر مولانا محمد ریاض شیخ صاحب ، جناب محمد شفیق قاسم صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع ستارہ ) امجد بھائی  ( نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع ستارہ ) دیگر اراکین پر مشتمل ایک وفد نے فساد متاثرہ گائوں کا دورہ کرکے مرحوم نورحسن شکگار کے اہل خانہ اور دیگر متاثرین سےملاقات کرکے پرسہ و تسلی دیا ،  اور پھرکراڈ اسپتال جہاں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے پہونچ کر ان کی عیات کی اور کہا کہ جمعیۃ علماء خاطیوں کو سزا دلانے کے لئے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں پوسےساولی گائوں میں فرقہ پرستوں کی بھیڑ نے منصوبہ بند پلانگ کے تحت رات کے وقت مسجد پر حملہ کرکے زبر دست توڑ پھوڑ کرتے ہو ئے   مسلمانوں کے دوکان و مکانات اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کو زبردست نقصان پہنچایا تھاجس کی وجہ سے ابھی بھی مسلمانوں میں خوف و حراس کا ماحول ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں ۔

جمعیۃ علماءوفد نے ضلع ستارہ کے کلکٹر ،ایس پی و دیگر آفیسران سے رابطہ کرکے حالات سے واقف کرایا اورشر پسندوں اور خاطیوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہونچانے اور حالات کو قابو میں کرنے کا مطالبہ کیا فی الحال حالات قابو میں ہیں امن و شانتی کا ماحول ہے ۔

وفد نے بتایا کہ اب تک صرف 35  لوگوں کی گرفتاری ہوئی ہے بقیہ مجرموں کی گرفتاری کے تعلق سے پولیس انتظامیہ کو بار بار یادہانی کے با وجود جیسی کاروائی ہونی چاہئے نہیں کی جا رہی ہے ، وفد نےحکومت و انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرتے ہوئے تشددمیں شہید ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ کو پچاس لاکھ معاوضہ دیا جائے،زخمیوں کا علاج کے لئے بہتر سولیات فراہم کئے جائیں ،انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امن و شانتی کا ماحول بنائے رکھیں ۔