جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر حا فظ ندیم صدیقی کی اعلیٰ پولیس حکام سے بات چیت ،حالات قابومیں مگر کشیدگی برقرار

ایوت محل 4؍ دسمبر (پریس ریلیز) ضلع ایوت محل کے تحصیل مہا گائوں کےقصبہ کالی دولت خان میں کل بروز جمعہ بعد نماز عصردو لوگوں کی آپسی رنجش کو مذہبی رنگ دے کر فرقہ پرستوں نے زبر دست تانڈو مچاتے ہوئے فساد پربا کردیا اور مسلمانوں کے املاک کو نقصان پہونچاتے ہوئے کئی دوکانوں اور گاڑیوں کو خاکستر کر دیا، جس کی وجہ سے اس پورے قصبہ میں زبردست خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گوکہ اس پر قابو پالیا ہے مگر حالات ہنوز کشیدہ ہیں۔ جمعیۃ علماء ضلع ایوت محل کے صدر مولانا یونس بخاری و دیگر اراکین کے ذریعہ اطلاع ملتے ہی جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ضلع کلکٹر ،ایس اور اعلی پولیس افسران سے رابطہ کرکے فوری طور پر حالات کو قابو میں کرنےاورشرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق کل گزشتہ دو لوگوں کے درمیان آپسی رنجش کی وجہ سےکی وجہ سے تنازع ہو ا جسے فرقہ وارانہ رنگ دے دیا گیا ،اس فساد میں اکثریتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی ہے جب کہ دوسرے فرقہ کے لوگ شدید زخمی ہوئے ہیںمحکمہ پولیس نے بر سر موقع پہونچ کر ملز مین کو گرفتار کر لیا ہے اس کے باوجود مشتعل فرقہ پرستوں نے چن چن کر اقلیتوں کی دوکانوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور اسے نذر آتش کر دیا ، جس میں اقلیتی فرقہ کا بہت زیادہ مالی نقصان ہوا ہے ،فی الحال پولیس کی جا نب سے قصبہ میں دفعہ 144 لگا دی گئی ہے ،جس کی وجہ سے حالات قابو میں ہیں مگر کشیدگی بر قرار ہے ۔جمعیۃ علماء تحصیل مہا گائوں کی یونٹ کے ذمہ داران عرفان خان ،اسلم ڈوسانی ،صابر سر ،اور سونوصاحب میمن حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اورمتاثرین کا ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں ۔

صوبائی جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نےآئی جی امراوتی ڈویژن،ضلع انتظامیہ ،اعلی پولیس افسران ایس پی بھجبل ، پالک منتری سندیپ بھومبرے ،مقامی ایم ایل اے اندر نیل نائک ،ڈاکٹر وجاہت مرزپوسد ایم ایل سی ودیگر حکومتی ذمہ داران سے رابطہ کرکے علاقہ میں امن و امان قائم کرنے اور فساد کو روکنے ،شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے ،متاثرین کے نقصانات کی بھر پائی کر نے اور انہیں معقول معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے،انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور بحالی امن و امان کی کو شش کریں۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔