صرف کانگریس ہی بی جے پی کو چیلنج کرسکتی ہے : غلام نبی آزاد

سری نگر: سابق کانگریس قائد غلام نبی آزاد نے اتوار کے روز کہا کہ گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں صرف کانگریس ہی بی جے پی کو چیلنج کرسکتی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی صرف مرکزی زیر انتظام دہلی کی ایک پارٹی ہے۔

کانگریس کے ساتھ اپنی دہائیوں قدیم وابستگی کو ختم کرنے کے دو ماہ بعد غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ کانگریس کی سیکولر ازم کی پالیسی کے مخالف نہیں تھے، بلکہ پارٹی کے کمزور نظام کے مخالف تھے۔

سری نگر میں ایک نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں کانگریس سے علیحدہ ہوچکا ہوں، لیکن میں ان کی سیکولر ازم کی پالیسی کا مخالف نہیں تھا۔ میری مخالفت صرف پارٹی کے نظام کے کمزور ہونے کی وجہ سے تھی۔

میں ابھی بھی یہ چاہتا ہوں کہ کانگریس گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کرے۔ عام آدمی پارٹی ایسا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ کانگریس پر اپنا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے، چاہے وہ ہندو ہو یا مسلم کسان ہوں۔