Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

صحافی رعنا ایوب کوجان سے مارنے اور عصمت دری کی دھمکی

ممبئی ،۳؍جولائی (یواین آئی ):نامورصحافی اورمصنفہ رعناایوب کواپنے سوشل میڈیااکاؤنٹ پر کشمیرکے تعلق سے تصاویر اپ لوڈ کرنے اورتبصرہ کرنے پرآج یہاں جان سے مارنے اور عصمت دری کئے جانے کی دھمکی موصول ہوئی ہےجس پر ممبئی سے متصلہ نئی ممبئی کے کوپرکھیرنے پولیس اسٹیشن نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ دنوں سوشل میڈیاپرکشمیر میں ایک تین سالہ بچے کواپنے ناناکی لاش کے بازومیں بیٹھے ہوئے دکھلائی جانے والی تصویر وائرل ہوئی تھی جس پر رعناایوب نے تبصرہ کیاتھا۔رعناایوب نےاپنے تبصرے میں لکھاتھاکہ ہندوستان میں کشمیریوں کی جان کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔

صحافی رعناایوب اپنے دوسرے ٹوئیٹر پیغام میں یہ بھی لکھاتھاکہ یہ حقیقت ہے کہ کشمیر کی سرزمین کی فکر ہے لیکن ہمارے دلوں میں کشمیریوں کیلئے کوئی جگہ نہیںہے ۔نیز وادی کشمیر میں ہونے والی اس قتل وغارتگری پر کسی کوافسوس نہیں ہے ۔رعناایوب نے مزید لکھاتھاکہ ایک ہندوستانی ہونے کی حیثیت سے ان کاسران تمام چیزوں کودیکھ کرشرم سے جھک جاتاہے ۔رعناایوب کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیامیں انھیں مغلظات سے نوازاجانے لگا۔جس کااسکرین شاٹ اتارکر رعناایوب نے نئی ممبئی پولیس کے حوالے کیاہے جس میں انھیں جان سے مارنے کی اور عصمت دری کئے جانے کی دھمکی دی گئی ہے ۔

رعناایوب نے جب اس کی شکایت نئی ممبئی پولیس کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر کی تومقامی کوپرکھیرنے پولیس اسٹیشن کے ایک افسرنے ان کے گھر آکران سے ملاقات کی اوران سے پوچھ تاچھ کی ہے ۔رعناایوب نے بتایاکہ کل وہ اس ضمن میں پولیس کواپنابیان دیں گی اوراپنے سوشل میڈیااکاؤنٹ ،فیس بک،ٹوئیٹر اور انسٹاگرام پر موصول ہونے والی ان دھمکیوں کی نقول بھی بطورثبوت پیش کریں گی ۔

رعناایوب کو۲۰۲۰کے میک گل نامی عظیم ایوارڈسے نوازاگیاتھا۔انھوں نے گجرات ۲۰۰۲مسلم کش فسادات کی اور پولیس کی جانب سے کئے جانے والے انکاؤنٹر کی تحقیقاتی رپورٹ کتاب کی شکل میں شائع کی تھی جس کی قومی سطح پر تشہیر ہوئی تھی ۔