شیو جینتی کا بینر پھاڑنے پرناندیڑ سے قریب کاسراڑی میں تناﺅ
ناندیڑ:19 فروری ( ورقِ تازہ نیوز) شیوجینتی کے ضمن میں کاسراڑی میں لگائے گئے بینر کو نامعلوم اشرار کی جانب سے پھاڑنے کا واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ جس کے بعد گاﺅں میں ہر طرف برہمی کی لہر دوڑ گئی۔ اس واقعہ کی مذمت میں شیواجی کے عقیدت مندوں نے کاسراڑی بند رکھتے ہوئے ناندیڑ۔ حیدرآباد شاہراہ کو روکنے کی کوشش کی۔ پورے ناندیڑ ضلع میں چھترپتی شیواجی کی جینتی کا جشن پورے جوش و خروش سے منایا جارہا تھا۔ تاہم کاسراڑی میں لگائے گئے شیواجی کےے بینر کو نامعلوم اشرار کی جانب سے پھاڑ دیئے جانے کے بعد کاسراڑی میں شیو بھکتوں میں تناﺅ و برہمی کی لہر دوڑ گئی۔
کئی نوجوان اس واقعہ کے بعد بس اسٹیشن کے حدود میں جمع ہوگئے۔ لیکن یہاں بھی کچھ ایسا منظر دیکھنے کو ملا جس سے شیو بھکت مزید برہم ہوگئے۔ کیونکہ یہاں شیواجی کے بینر پھاڑے ہوئے تھے اور دیگر بینر بالکل محفوظ تھے۔ جس کے بعد قیاس کیا جارہا ہے کہ ان بینروں کوسماج دُشمن عناصر نے جان بوجھ کر منافرت پھیلانے کے مقصد سے پھاڑنے کی واردات انجام دی۔ اس واقعہ سے برہم شیو بھکت، نوجوان، دیہاتیوں اور ہندتوا تنظیموں کے کارکنان نے کاسراڑی بند رکھتے ہوئے مذمت کی ۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بلولی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اے این نروٹے، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر رام داس کیندرے، پولیس جمعدار شندے، کاسراڑی کے سرپنچ شیش راﺅ لنکے نے جائے واردات پر پہنچ کر برہم شیو بھکتوں، نوجوانوں اور دیہاتیوں کو امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل۔ دریں اثناءکچھ شیو بھکتوں نے ناندیڑ۔ حیدرآباد شاہراہ پر کوچ کرتے ہوئے اسے بند کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے راستے کو بحال کیا۔ جبکہ ہائی وے پر ہی شیواجی کی فوٹو لگا کر شیوجینتی منائی گئی۔ اس موقع پر بجرنگ دل کے گجانن پانچال، آر ایس ایس کے ستیش گوڈ موتی وار، مراٹھواڑہ سماج کے کارکنان راجو شمپالکر، تنٹا مکتی کے صدر سبھاش پاٹل شندے، نائب سرپنچ نمائندہ بسونت پاٹل منڈکر، گرام پنچایت ممبر شیوا پاٹل شندے کے علاوہ کاسراڑی کے سینکڑوں نوجوان موجود تھے۔ مذکورہ واقعہ کے بعد کاسراڑی و اطراف و اکناف کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ کرتے ہوئے پورے کاسراڑی میں بڑے پیمانے پر پولیس کا سخت بندوبست تعینات کیا گیا۔