Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

شہری ترمیم قانون: 24 ؍جنوری کو ممبئی میں شردپوار کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی

ممبئی :۱۰؍جنوری (یو این آئی )شہری ترمیمی قانون سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر اور مرکزی حکومت کے عوام مخالف پالیسیوں کو لیکر آج یہاں مہاراشٹر کی مخلوط حکومت میں شامل تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے ایک میٹنگ لی اور متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ ۲۴؍جنوری کو مودی حکومت کے سیاہ قانون کے خلاف ممبئی میں ایک شاندار ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت راشٹروادی کانگریس کے سربراہشرد پوار کریں گے ۔

ممبئی کانگریس کے صدر ایکناتھ گائیکوارڈ کی صدارت میں راشٹروادی کانگریس پارٹی ، سماجوادی پارٹی ، لوک بھارتی ، سی پی آئی ، سی پی ایم ، جنتا دل سیکولر ، ڈی آر ایس پی ، راشٹر سیوا دل اور دیگر سیاسی پارٹیوں اور تنظیموں کے نمائندوں کی ایک میٹنگ کا انعقادکیا گیا تھا جس کی تفصیلات بتلاتے ہوئے قانون ساز رکن کونسل کپل پاٹل اور کرن پاوسکر نے بتلایا کہ شہری ترمیمی قانون صرف مسلمانوں کے خلاف ہی نہیں ہے بلکہ آدیواسی ، لنگایت سماج ،پسماندہ طبقات اور دیگر طبقات کے بھی خلاف ہے نیز نوٹ بندی کے وقت عوام کو جن دقتوں کا سامنا کرنا پڑا تھا وہی دقتوں کا سامنا کرنے کیلئے اس قانون کو متعارف کرایا جا رہا ہے ۔

دونوں لیڈران نے کہا کہ یہ کسی ایک مذہب اور ایک سماج کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس معاملے میں پورے ہندوستانیوں کو ایک ہو کر سڑکوں پر آ کر مظاہرہ کرنا چاہیئے ۔اخباری نمائندوں کو بتلایا گیا کہ اس ریلی میں کسی بھی پارٹی کاجھنڈا یا بینر نہیں ہو گا بلکہ ہاتھوں میں ترنگا جھنڈا لیکر ہم بھارت کے لوگ کا نعرہ لگاکر اس تحریک کا آغاز کیا جائے گا ۔
۲۴؍جنوری کو دوپہر تین بجے دادر کے ہتاتما بابو گینو کامگار اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی اس ریلی میں اہلیان ممبئی کے ایک بڑے طبقے کی شرکت متوقع ہے ۔

میٹنگ میں جن سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ان میں سماجوادی پارٹی کے معراج صدیقی ، کانگریس کے ترجمان سچن ساونت ، انجمن اسلام کے صدرڈاکٹر ظہیر قاضی ، سی پی آئی کے رہنما پرکاش ریڈی ، جنتادل سیکولر کے پربھاکر نارکر ، این آر سی این پی آر کے فاروق شیخ ، پسماندہ طبقات کے ڈاکٹر کیلاش گوڑ اور دیگر شامل ہیں ۔