مکہ مکرمہ : وزیراعظم شہباز شریف کیلئے خانہ کعبہ کے دروازے کھل گئے، وزیر اعظم نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کئے ، حجر اسود کو بوسہ دیا۔پاکستان ، عالم اسلام کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میںدونوں رہنماؤں کے درمیان جدہ میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستانی افرادی قوت کے لئے مواقع پیدا کرنے کے معاملات زیر بحث آئے،وزیر اعظم نے سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو نئی بلندیوںتک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کیلئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا اور انہوں نے پروٹوکول کی نگرانی میں خانہ کعبہ کے اندرنوافل اداکیے،وزیراعظم شہباز شریف نے زیارتِ خاص کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور طوافِ کعبہ بھی کیا۔