شولاپور میں یوپی ایس سی ،ایم پی ایس سی، آئی اے ایس ،آئی پی ایس کوچنگ کلاسس کا افتتاح

176

 شولاپور ۔29؍ جولائی۔ ( پریس ریلیز ) آج یہاںشولاپور شوشل اسوشین آرٹس اینڈ کامرس کالج اور جمعیۃ علماء ضلع شولاپور کی جانب سے جنرل اسٹڈیز اور فاونڈیشن کورسس یوپی ایس سی ،ایم پی ایس سی ،آئی اے ایس ،آئی پی ایس ،آئی آر ایس ،آئی ایف ایس ،گائیڈنس،ایس سی سی ،ریلوے ،آرمی ،ایم ٹی ایس جیسے دیگر اعلی تعلیم اور پروفیشنل کورسس کا افتتاحی پروگرام جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کے دست مبارک اور ڈاکٹر اعجاز تمبولی صاحب ( پرنسپل سوشل کالج شولاپور ) کی صدارت میں منعقد ہوا ۔

جس میں بڑی تعداد میں شہر کے تعلیم یافتہ احباب ،دانشوران اور کالج کے اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی ۔اس موقع پر ڈاکٹر اعجاز تمبولی صاحب نے جمعیۃ علماء اور سوشل کالج کے اشتراک سے طلباء کی تیاریوں کے لئے شروع کئے گئے کلاسس کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ آئندہ مہینے کی پہلی تاریخ یعنی یکم اگست سے کلاسس کا آغاز ہوگا ،یہ کلاسس 6 ؍ مہینہ تک دیئے جائیں گے ،کلاسس کا وقت شام 3 ؍ بجے سے 6 بجے تک مقرر کیا گیا ہے ۔الحمد اللہ اب تک 50؍ طلباء نے اپنے ناموں کا اندراج کرالیا ہے ،مزید طلباء کے رجسٹریشن کی کاروائی جاری ہے،ڈاکٹر ملا صاحب،ڈاکٹر شیخ صاحب،ڈاکٹر یوسف صاحب اور ڈاکٹر مرزا صاحبہ طلباء کی رہبری و رہنمائی کریں گے۔

پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر)نے شولاپور سوشل کالج اور ضلع جمعیۃ علماءکے اشتراک سے شروع کئے جارہے کلاسس کی ستائش کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور فرمایاکہ یونین پبلک سرویس کمیشن ( یوپی ایس سی) امتحان لکھنے کے لئےطلباءاونچے عزائم کے ساتھ کتابوں کامطالعہ اورجدید معلومات حاصل کرنے کا جذبہ دلوں میں پیداکریں،جب تک دلوں میں کچھ پانے کا شوق نہ ہواس کو حاصل کرنا ناممکن ہی دکھائی د یتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت منتخب قائدین نہیں بلکہ اعلیٰ افسران چلاتے ہیں ۔ ہم بھی محنت کرکےآئی اے ایس، آئی پی ایس سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں پرفائز ہوکر قوم وملت کی بہتر سے بہتر خدمت انجام دے سکتے ہیں، خدمت خلق کاجذبہ دلوں میں پیداکریں۔ خود کے لئے ہرکوئی جیتا ہے مگرانسانیت کیلئے جیناسیکھنا چاہئے۔انہوں نے طلباء کے سرپرستان اور والدین سے اس بات کا عز م کرایا کہ ہم روکھی سوکھی کھائیں گے لیکن اپنے بچوں کو پڑھائیںگے ۔

پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا ،جناب حسیب نداف صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع شولاپور ) نے پروگرام کے انعقاد اور اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ،مولانا محمد ابراہیم قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء ضلع شولاپور ) نے یوپی ایس سی ،ایم پی ایس سی اور دیگر تمام کوسس کی تفصیلات ،اس کی تیاری کیسے کریں، منصوبہ بندی ، کامیاب ہونے کے لئے کون کون سی اہم کتابوں کے مطالعے ،وقت کی پابندی ،سخت محنت و جستجو ، اساتذہ کا ادب ودیگر متعلقہ امور پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ طلباء کو اپنی کوششوں اور تیاریوں میں بھی اضافہ کرنا چاہیے کیونکہ اگر کوئی یو پی ایس سی میں کامیاب نہیں ہوتا ہے تو یہ تیاری دیگر مسابقتی امتحانات میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہے،اس تیاری کی وجہ سے وہ کہیں اور بھی کلاس ون آفیسر بن سکتے ہیں۔ اس کے لیے اپنا جذبہ برقرار رکھیں۔اس پروگرام میں ڈاکٹر الیاس شیخ صاحب ،حاجی نصیر احمد خلیفہ صاحب ،حاجی کے بی نداف صاحب ،نظیر احمد منشی صاحب ،جناب انور جنواڑکر صاحب و دیگر نے اظہار خیال کیا ، جناب محبوب سید صاحب نے مہمان کرام اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا،پروگرام میں جمعیۃ علماء ضلع شولاپور کے جملہ عہدیداران و اراکین اور محبین شریک تھے۔