گورنر کو دی گئی رحم کی درخواست پر پھانسی کی تاریخ مقرر نہیں ہوسکی
امروہہ : اترپردیش کے امروہہ میں باون کھیری قتل کیس کی ملزمہ شبنم کی پھانسی ایک بار پھر ٹل گئی ہے۔ امروہہ میں ضلع عدالت نے استغاثہ سے قاتل شبنم کی تفصیل طلب کی تھی لیکن شبنم کے وکیل کی طرف سے گورنر کو دی گئی رحم کی درخواست پر پھانسی کی تاریخ مقرر نہیں ہوسکی۔ شبنم کی پھانسی کے مسئلہ پر منگل کو ضلع جج کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ پہلے یہ سمجھا جارہا تھا کہ ضلع جج کی عدالت میں شبنم کی رپورٹ حوالے کی جائے گی۔ اگر رپورٹ میں کوئی رحم کی درخواست زیرالتواء نہیں پائی گئی تو شبنم کی پھانسی کی تاریخ طے کی جاسکتی ہے لیکن شبنم کے وکیل نے کچھ دن پہلے ہی پھر سے رحم کی درخواست کے لئے گورنر سے اپیل کی۔ ضلع جیل رامپور انتظامیہ کو بھی رحم کی درخواست حوالے کی گئی۔ آج سماعت کے دوران اِس کا ذکر آیا جس کے سبب پھانسی کی تاریخ مقرر نہیں ہوسکی۔ 2008 ء میں شبنم نے اپنے عاشق سلیم کے ساتھ مل کر اپنے ہی خاندان کے 7 افراد کو کلہاڑی سے حملہ کرکے قتل کردیا تھا۔


اپنی رائے یہاں لکھیں