جدہ : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں عرب مالیاتی اداروں کے مشترکہ سالانہ اجلاس کا افتتاح سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے جمعرات کو جدہ میں کیا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس میں عرب ممالک کے وزرائے خزانہ و عرب مالیاتی اداروں کی کونسلز کے ارکان و سربراہ،عرب سینٹرل بینکوں کے گورنرزاور فنڈنگ کے عرب اداروں کے ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔ اجلاس میں عالمی مالیاتی فنڈ، بین الاقوامی بینک گروپ، اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندے نیز مالیاتی و اقتصادی شعبوں کے متعدد ماہرین بھی موجود تھے۔ اجلاس کے شرکا نے عرب ممالک میں عظیم الشان ترقیاتی منصوبوں کی مالی و تکنیکی مدد اورمشترکہ عرب جدوجہد کے فروغ میں تعاون کے حوالے سے مالیاتی اداروں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے عرب ممالک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں اور مشترکہ عرب مالیاتی اداروں کے پیش کردہ ورکنگ پیپرز، مجوزہ منصوبوں اور نئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں 2022 کیلیے سرمایہ کاری و فنڈنگ پروگراموں کی منظوری کا جائزہ لیا گیا اور عرب مالیاتی اداروں کی کارکردگی پر بھی بحث ہوئی۔