ممبئی،۲۷؍دسمبر (پی ایس آئی)
بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان، بار بی ڈول کترینہ کیف اور انوشکا شرما کی رومانٹک فلم ’زیرو‘ کو رواں ماہ 21 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم ریکارڈ کمائی کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دے گی، تاہم تمام تجزیہ نگاروں کی توقعات غلط ثابت ہوئیں۔انوشکا شرما، کترینہ کیف اور شاہ رخ خان جیسے بڑے اداکاروں سمیت اس فلم میں سلمان خان، سری دیوی اور کاجول سمیت دیگر اداکاروں کو بھی مختصر کردار میں دکھایا گیا۔تاہم فلم اتنے زیادہ اداکاروں کو دکھائے جانے کے باوجود اچھی کمائی کرنے میں ناکام رہی۔
فلم نے جہاں پہلے دن کوئی خاص کمائی نہیں کی، وہیں فلم کی پانچویں دن تک مجموعی کمائی بھی 100 کروڑ نہ ہوسکی۔ڈی این اے انڈیا کے مطابق ’زیرو‘ کی پانچ دن کی کمائی 81 کروڑ تک محدود رہی اور اگر فلم کی کمائی اسی طرح جاری رہی تو اسے 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے کے لیے مزید 2 دن لگیں گے۔خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کرسمس کے دن ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی، تاہم اس دن فلم نے سب سے کم کمائی کی۔تجزیہ نگار ترن آردش کے مطابق زیرو نے سب سے زیادہ کمائی تیسرے دن کی جو 20 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زیادہ رہی، جب کہ فلم نے پہلے دن بھی اچھی کمائی کو جو 20 کروڑ روپے سے زائد رہی۔تاہم فلم نے تیسرے، چوتھے اور پانچویں دن کم کمائی کی اور مجموعی طور پر فلم کی کمائی 81 کروڑ تک محدود رہی۔زیرو کی چوتھے دن کی کمائی 10 کروڑ سے بھی کم رہی، جب کہ فلم نے کرسمس کے دن محض 12 کروڑ روپے ہی بٹورے۔
فلم میں پہلی بار شاہ رخ خان نے بونے شخص کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ انوشکا شرما نے بھی پہلی بار دماغی طور مفلوج سائنسدان کا کردار ادا کیا ہے۔کترینہ کیف فلم میں اداکارہ اور ڈانسر کے روپ میں ںظر آئی ہیں اور تینوں کا ٹرائی اینگل پیار دکھایا گیا ہے۔اس سے قبل تینوں اداکار جب تک ہے جاں میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں اور وہ فلم کامیاب گئی تھی۔