شاہ رخ خان اور کاجول کا شمار بلاشبہ بالی وڈ کی مشہور جوڑیوں میں ہوتا ہے۔ دونوں نے’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ اور ’دل والے‘ سمیت کئی سپر ہٹ فلموں سے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔

بالی وڈ خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق یہ مشہور جوڑی سات سال بعد پھر بڑے پردے پر اکٹھی نظر آئے گی۔شاہ رخ اور کاجول، کرن جوہر کی نئی آنے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں سپیشل پرفامنس دیں گے۔

کرن جوہر بھی تقریباً چھ سال بعد دوبارہ کسی فلم کی ہدایت کاری کر رہے ہیں۔ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی آخری فلم ’اے دل ہے مشکل‘ تھی۔ان کی نئی فلم پروڈکشن کے مراحل میں ہے اور اس کی کاسٹ میں عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ، شبانہ اعظمی اور جیا بچن جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں شاہ رخ خان اور کاجول کے رول زیادہ بڑے نہیں ہوں گے۔ وہ کسی گانے میں نظر آ سکتے ہیں یا پھر کسی چھوٹے مہمان کردار میں۔جبکہ معاملے سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ ’شاہ رخ اور کاجول کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی راکی اور رانی کی پریم کہانی میں ایک خاص کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’کرن جوہر جو شاہ رخ خان اور کاجول کے ساتھ زبردست ہم آہنگی رکھتے ہیں، اکثر اپنی ہدایت کاری میں ان دونوں کو اپنے مداحوں کے سامنے پیش کرتے رہتے ہیں، اور اس بار بھی وہ اپنے مداحوں کو سرپرائز دے سکتے ہیں۔‘