شام میں روس کے چھوڑے گئے خلا کو ایران پْر کرے گا: شاہ عبداللہ الثانی

عمان : اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ الثانی نے باور کرایا ہے کہ جنوبی شام میں روس کی موجودگی پْر سکون حالات کا ذریعہ تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس کی جانب سے وہاں چھوڑے جانے والے خلا کو ایران اور اس کے ایجنٹ پْر کریں گے۔ روز ہوفر انسٹی ٹیوٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شاہ عبداللہ نے کہا کہ ان کے ملک کو شام کے ساتھ سرحد پر ممکنہ جارحیت کا سامنا ہے۔ یہ بات اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا نے بتائی۔انہوں نے واضح کیا کہ خطے کے مسائل کے حل تلاش کرنے کے لیے عرب رابطہ کاری جاری ہے تا کہ امریکا پر انحصار کے بغیر ان مسائل کو حل کیا جا سکے۔اردن کے فرماں روا کا یہ بیان ان رپورٹوں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ایران، روس کی یوکرین میں فوجی آپریشن میں مشغولیت کا فائدہ اٹھا کر شام کے وسطی اور دیگر علاقوں میں اپنا وجود وسیع کر سکتا ہے۔شام کے وسط میں روس کے حلیف مسلح گروپوں کے انخلاء کے بعد ایرانی ملیشیائیں وہاں پھیل گئی ہیں۔ گذشتہ ماہ پانچ اپریل کو ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے حمص کے مشرق میں فوجی گوداموں میں بھاری کمک پہنچی تھی۔ یہ بات مقامی ذرائع نے عربی روزنامے “الشرق الاوسط” کو بتائی۔