مورینا، 21 اپریل (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع میں شادی کی تقریب میں خوشی میں گولی چلانے سے دلہن کے چچا کی موت ہو گئی۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ضلع کے پورسا تھانہ علاقہ کے مٹیا پورہ گاؤں میں راجندر سنگھ تومر کی بیٹی کی کل شادی کا پروگرام چل رہا تھا۔ اسی دوران اچانک منڈپ میں موجود کسی نے خوشی میں پستول سے گولی چلائی اور گولی دلہن کے چچا دھیر سنگھ تومر کو لگی جس سے وہ شدید طورپر زخمی ہو گئے۔ زخمی کو ڈاکٹروں نے مناسب علاج کے لیے مورینہ کے ضلع اسپتال سے گوالیار ریفر کیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔

پولیس کے مطابق یہ پستول متوفی سی آر پی ایف جوان دھیر سنگھ تومر کی بتائی جاتی ہے اور کوئی دوسرا شخص اس پستول سے خوشی میں گولی چلا رہا تھا۔ پولیس نے پستول قبضے میں لے لی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پستول مورینا ضلع کی آرمز برانچ میں درج نہیں بتائی جاتی ہے۔ پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔