شادی سے قبل دلہن اور اس کے والد کی موت، خوشی کے بجائے خاندان میں صف ماتم بچھ گئی
قاہرہ :22/ مئی (ایجنسیز)مصر کی شرقیہ گورنری کے ایک گاؤں میں ایک گھر میں شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں بدل گئی جب دلہن اور اس کا والد ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے۔لڑکی اور اس کے والد کی ناگہانی موت کا یہ واقعہ رمیس صان الحجر روڈ پر پیش آیا جہاں دونوں باپ بیٹی ایک ٹریفک حادثے میں چل بسے۔ موت کے48 گھنٹے بعد لڑکی کی رخصتی تھی اور اس کے گھر میں اس کی شادی کی سرگرمیاں جاری تھیں۔
تفصیلات کے مطابق لڑکی نےوالد سے کہا کہ وہ عروسی لباس خریدنے کے لیے بازار جانا چاہتی ہے۔ اسے شادی کا لہنگا اور دیگر ملبوسات خرید کرنا تھے۔ اس کے لیے وہ اپنے والد کو ساتھ لے گئی۔باپ نے اپنی بیٹی کی درخواست کو رد نہیں کیا اور اسے اپنے ساتھ لے گئے، لیکن انہیں یہ احساس نہیں تھا کہ یہ آخری "سفر” ہے، کیونکہ وہ ایک خوفناک حادثے دوچار ہونےوالے تھے۔
مزید برآں صان الحجر پولیس اسٹیشن کی سکیورٹی سروسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور معلوم ہوا کہ پک اپ ٹرک اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم سے باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے۔واقعے پر ایک رپورٹ تیار کی گئی جس کے بعد پبلک پراسیکیوشن آفس نے اس رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔
حادثے میں فوت ہونے والےشخص کی شناخت حمادہ رمضان طہ الدغیدی اور ان کی جواں سال بیٹی شہد کے نام سے کی گئی ہے۔ دونوں کی لاشیں گھرپہنچنے پر لواحقین میں کہرام برپا ہوگیا اور اس المناک حادثے پر ہرآنکھ اشک بار تھی۔