• 425
    Shares

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ کو پیر کو افغان طالبان کے سینیئر رہنما سے ملاقات کے لیے بھیجا۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واشنگٹن پوسٹ نے نام ظاہر کیے بغیر امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے پیر کو کابل میں طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔

 

روئٹرز فوری طور پر اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کرسکا اور سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس کے نمائندوں نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب بھی نہیں دیا۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب امریکہ سمیت دیگر غیر ملکی افواج کے افغانستان سے انخلا کی حتمی تاریخ قریب ہے اور تمام ممالک اپنے شہریوں اور سفارتی عملے کو ملک سے نکالنے میں مصروف ہیں، لہذا قیاس کیا جارہا ہے کہ اس ملاقات کا ایک مقصد 31 اگست تک امریکی فوجیوں اور دیگر شہریوں کے محفوظ انخلا کی تفصیلات طے کرنا ہے۔

 

دوسری جانب پنج شیر کے علاوہ افغانستان کے متعدد اضلاع پر طالبان کا کنٹرول ہے اور وہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد نئی حکومت بنانے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔