ممبئی : بالی وڈ اداکار سونو سود پچھلے سال سے ہی کورونا وبا کی وجہ سے ضرورت مندوں کی مدد کر رہے ہیں۔ ان کی لوگوں کی مدد کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔اداکار کے اس عمدہ کام کی صرف عوام ہی نہیں ، بلہ مشہور شخصیات بھی تعریف کر رہی ہیں ۔

کچھ لوگ عقیدت میں ان کی پوجا بھی کرنے لگے ہیں ۔ وہیں ، مشہور شخصیات ( سیلیبرٹی ) انہیں ملک کے وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا چاہتی ہیں۔ جی ہاں، اداکارہ ہما قریشی بھی چاہتی ہیں کہ سونو سود وزیر اعظم بنیں۔

ہما قریشی نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا تھا۔ جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ بالی وڈ میں کون سا اداکار اچھا سیاستدان بن سکتا ہے؟ اداکارہ نے فورا جواب دیتے ہوئے سونو سودکا نام لیا۔ ہما قریشی نے کہا کہ ‘ میں ایمانداری سے کہوں تو ، میرے خیال میں سونو سودکو الیکشن کے لئے کھڑا ہونا چاہئے ۔ اگر وہ کھڑے ہوتے ہیں ،تو میں ان کو ووٹ دوں گی۔ میں چاہتی ہوں کہ سونو سود ہمارے وزیر اعظم بنیں ، جو بہت ہی اچھا ہوگا۔

راکھی ساونت بھی کہہ چکی ہیں یہ بات
صرف ہما قریشی ہی نہیں ، راکھی ساونت بھی ان سے پہلے کہہ چکی ہیں کہ سونو سودیا سلمان خان کو ملک کا وزیر اعظم بننا چاہئے۔ دوسری طرف ، سونو سود خود بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ ان کا سیاست میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

بتادیں کہ حال ہی میں ہما قریشی کی ویب سیریز ‘ مہارانی ‘ ریلیز ہوئی ہے ۔ جسے لوگ بہت پسند کرتے ہیں۔ اس ویب سیریز میں ہما قریشی نے رانی بھارتی نامی خاتون کا کردار ادا کیا ہے ۔ اس ویب سیریز کے بارے میں ، ہما قریشی نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے یہ افواہ جاری تھی کہ یہ سیریز بہار کے وزیر اعلی لالو پرساد یادو اور ان کی اہلیہ رابڑی دیوی کی زندگی پر مبنی ہے۔ اداکارہ نے واضح طور پر کہا کہ یہ ویب سیریز کسی کی زندگی سے متاثر نہیں ہے بلکہ ایک خیالی کہانی ہے۔