سلمان خان نے پڑوسی پرمقدمہ کردیا عدالتی سماعت 21 جنوری تک ملتوی

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اپنے پڑوسی سے تنگ آکر ممبئی کی سٹی سول اور سیشن عدالت میں دیوانی معاملات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جس کی سماعت عدالت نے 21 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔ سلمان خان نے اپنی عرضداشت سول سوٹ میں اپنے پڑوسی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے، اور ہتک آمیز تبصرہ کرتا ہے جو اس کے اور اس کے اہل خانہ کے لئے باعث تکلیف ہے۔

عرضداشت کے مطابق اداکار کا ممبئی سے قریب پنویل نامی مقام پر ایک فارم ہاؤس ہے اور ان کا پڑوسی کیتن ککڑ اور دیگر ان کے خلاف گزشہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا کے سہارے "جھوٹے، اہانت آمیز اور ہتک آمیز الزامات عائد کر رہے ہیں

حس سے حقیقت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔درخواست میں اداکار نے دعویٰ کیا ہے کہ ان الزامات کی وجہ سے ان کی اور ان کے خاندان کی عوامی ساکھ خراب ہو رہی ہے اور یہ الزامات ان کے لئے "سنگین نقصان، اور تعصب” کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ دوران سماعت سلمان خان کے وکلاء نے عدالت سے درخواست کی کہ فریقین کے اس عمل پر فوری روک لگاتے ہوئے عدالت حکم امتناعی جاری کریں اور اس پر قدغن لگائے۔

فریق کیتن ککڑ کی پیروی کرنے والے وکلاء نے سلمان خان کی عرضداشت کی سخت لفظوں میں مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ عرضداشت کی نقول انہیں کل ہی موصل ہوئیں ہیں نیز وہ فوری طور پر اپنے موکل کی پیروی کرنے سے قاصر ہیں لہذا انہیں مہلت فراہم کی جائے، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے معاملے کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج انیل لدھڑ نے حکم امتناعی دینے سے انکار کر دیا، لیکن فریقین کے وکلاء کو جواب داخل کرنے کا بھی حکم دیا۔

Leave a comment