Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

سلطان قابوس کے انتقال پر گو ٹریس اور امریکہ کا اظہار تعزیت

اقوام متحدہ، 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹریس نے عمان کے سلطان قابوس بن سعید السعید کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا ہے ۔مسٹر گوٹریس کے ترجمان اسٹیفن ڈجارک نے ایک بیان میں کہا‘‘سکریٹری جنرل نے سلطان کے خاندان، عمان کی حکومت اور وہاں کے عوام کے تئیں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا‘‘سلطان قابوس بن سعید السعید نے 50 برسوں تک عمان کی قیادت کی اور عمان کو ایک خوشحال اور مستحکم ملک میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا’’۔بیان میں کہا گیاہے ‘‘وہ (سلطان قابوس بن سعید السعید) علاقے اور عالمی سطح پر امن، سمجھ اور بقائے باہم کا پیغام پھیلانے اور لوگوں کے احترام کے لئے مصروف عمل تھے ۔’’بیان میں کہا گیا‘‘مسٹر گوٹریس نے سلطان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی سفارت کاری کے میدان میں ان کی خدمات کو یاد کیا’’۔خیال رہے سلطان قابوس کا جمعہ کو انتقال ہو گیا تھا، وہ 79 سال کے تھے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عمان کے سلطان قابوس بن سعید السعید کے انتقال پراظہار تعزیت کرتے ہوئے وہاں کے لوگوں کے تئیں اظہارافسوس کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس کے مطابق مسٹر ٹرمپ نے ایک بیان جاری کر اظہار تعزیت کیا ۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا‘‘مغربی ایشیا میں سب سے زیادہ وقت تک حکومت کرنے والے لیڈر سلطا ن قابوس اپنے ملک میں امن اور خوشحالی لے کر آئے اور وہ تمام لوگوں کے دوست تھے‘‘۔ امریکی صدر نے کہا‘‘بات چیت میں شامل ہونے اور علاقے میں امن و امان قائم کرنے کی ان کی بے مثال کوششوں نے ہمیں تمام نظریات کو سننے کی اہمیت بتائی۔
سلطان قابوس امریکہ کے ایک سچے اتحادی اور دوست تھے ، انہوں نے نو امریکی صدور کے ساتھ کام کیا’’۔امریکہ مسلسل عمان کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط کرنا جاری رکھے گا۔ خیال رہے سلطان قابوس بن سعید کا جمعہ کو 79 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا، جس کے بعد ان کے چچازاد اور سابق وزیر ثقافت ہیثم بن طارق السعید کو ملک کا نیا سلطان بنایا گیا ہے ۔ عمان کے آئین کے مطابق تین دن کے اندر شاہی خاندان کے ارکان کو نئے سلطان کا انتخاب کرنا تھا۔ اخبار ‘الرویا’ کی رپورٹ کے مطابق نئے سلطان ہیثم بن طارق السعید نے کہا‘‘سلطنت کی ترقی کے لئے سلطان قابوس بن سعید کے بتائے گئے نیک راستے پر آگے بڑھیں گے ’’۔ نئے سلطان ہثم نے وزارت ثقافت کے علاوہ وزارت خارجہ میں بھی کئی اہم عہدوں پر کام کیا ہے ۔ قابل غور ہے کہ سلطان قابوس 1970 میں برطانیہ کی حمایت سے اپنے باپ کو تخت سے ھٹکاکر خود سلطان بنے تھے ۔سلطان قابوس شادی شدہ نہیں تھے ۔ انہوں نے عمان کی ترقی کے لئے تیل سے ہونے والی کمائی کا استعمال کیا۔

Read More