سقوط حیدر آباد:ناندیڑ میں 17/ستمبرکو عظیم الشان جلسہ عام
ناندیڑ:14/ستمبر(راست) برصغیر میں مغلیہ سلطنت کے سیاسی زوال کے بعد ریاست دکن مسلمانوں کے لیے آخری غرناطہ ثابت ہوا۔بھارت کے فوجی ایکشن میں لاکھوں مسلمانوں کی شہادت کے بعد بالآخر 17/ستمبر 1948 کو ریاست حیدر آباد کی آزادی صلب کرلی گئی اور یوں علاقہ دکن بھارت میں ضم کرلیا گیا۔شہر ناندیڑ میں مسلم نمائندہ کونسل ہر سال اس موقع سے مسلم عوام کو اپنے ماضی سے آگاہ کرنے اور آزادی کی نعمت یاد دلانے کی نیت سے اس تاریخ کو مختلف پروگرام منعقد کرتی آئی ہے۔
امسال”سقوط حیدر آباد۔تاریخ کے آئینہ میں”کے مرکزی عنوان کے تحت جلسہ عام کے انعقاد کے علاوہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہ کرنے کی غرض سے طلبہ و طالبات میں مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد بھی کیا گیا ہے۔اس جلسہ کے موقع سے مقابلہ میں اول، دوم و سوم درجہ میں کامیابی حاصل کرنے والے نیز امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا جائے گا۔شہریان ناندیڑ کے لیے یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ اس جلسہ عام میں علاقہ دکن کی معروف شخصیات تشریف لارہی ہیں۔
چنانچہ حیدر آباد سے مشہور مورخ جناب لنگالاپانڈورنگا ریڈی اور جنرل سیکریٹری تلنگانہ ریسرچ کونسل جناب ٹی وویک صاحب،سینئیر صحافی گلبرگہ جناب عزیز اللہ سرمست صاحب اور اورنگ آباد کی معروف شخصیت نیز امیر وحدت اسلامی ہند جناب ضیاءالدین صدیقی صاحب تشریف لارہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ جلسہ 17/ستمبر بروز اتوار کو ہوگا۔جلسہ کا آغاز صبح 10:30 سے ہوجائے گا۔یہ جلسہ انور گارڈن فنکشن ہال، دیگلور ناکہ میں ہوگا۔مرد حضرات کے ساتھ خواتین کے لیے علیحدہ نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔مسلم نمائندہ کونسل ناندیڑ کی جانب سے تمام اہلیان ناندیڑ سے پر خلوص اپیل کی گئی ہے کہ لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت فرمائیں۔